عید الاضحی کے موقع پر شہری گوشت زیادہ کھانے سے پرہیز کریں، بد پرہیزی اور لاپرواہی گیسٹرو کا باعث بن سکتی ہے‘ڈاکٹر منیر احمد

گوشت کو اچھی طرح دھو کر اور پکا کر کھانے،سبزیوں کا استعمال کرنے اور دیگر احتیاطی تدابیر اپنانے سے گیسٹرو سے بچا جا سکتا ہے‘ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروسز

منگل 21 اگست 2018 20:40

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اگست2018ء) ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروسز ڈاکٹر منیر احمد نے کہا ہے کہ عید الاضحی کے موقع پر شہریوں کو قربانی کا گوشت زیادہ کھانے سے پرہیز کرنی چایئے کیونکہ بد پرہیزی اور لاپرواہی شہریوں میں گیسٹرو کا باعث بن سکتی ہے۔انھوں نے کہا کہ ہر سال عید کے موقع پر ہسپتالوں میں آنے والے مریضوں کی زیادہ تعداد گیسٹرو کا شکار ہوتی ہے۔

قربانی کے گوشت کو اچھی طرح دھو کر اور پکا کر کھانے،سبزیوں کا استعمال کرنے اور دیگر احتیاطی تدابیر اپنانے سے گیسٹرو سے بچا جا سکتا ہے۔اسی طرح کھانے سے قبل صابن سے اچھی طرح ہاتھ دھویں اور کھانے میں سلاد ہمیشہ تازہ کٹا ہوا استعمال کریں۔فریج سے نکلا ہوا کھانا اچھی طرح گرم کر کے کھائیں اور تازہ پکے ہوئے کھانے کو ترجیح دیں۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر منیر احمد نے کہا کہ پیٹ میں درد، بخاردست،اسہال اور قے کا آنا گیسٹرو کی علامات ہو سکتی ہیں لہذاگیسٹرو کی علامات ظاہر ہونے کی صورت میں فورا قریبی سرکاری ہسپتال یا پھر مستند ڈاکٹر سے رجوع کریں۔

ڈاکٹر منیر احمد نے کہا کہ گیسٹرو کے مریض ORSکا زیادہ سے زیا دہ استعمال کریں۔انھوں نے کہا کہ اس سلسے میں عید کے موقع پر ہسپتالوں میں خصوصی اقدامات کرنے کے لیے محکمہ صحت نے خصوصی ہدایات جاری کر دی ہیں۔ گیسٹرو سے بچائو کے سلسلہ میں تمام اضلاع کے چیف ایگزیکٹیو آفیسرز ہیلتھ کو الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔

متعلقہ عنوان :