فجیرہ:گھر میں آگ بھڑکنے سے شیر خوار بچہ جاں بحق

پولیس کے مطابق آتش زدگی ایئر کنڈیشنگ یونٹ میں خرابی کے باعث ہوئی

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 4 ستمبر 2018 12:34

فجیرہ:گھر میں آگ بھڑکنے سے شیر خوار بچہ جاں بحق
فجیرہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔4 ستمبر 2018) سات ماہ کا معصوم بچہ کمرے میں اچانک آگ بھڑکنے کے باعث جل کر راکھ میں بدل گیا۔ پولیس کے مطابق کمرے میں موجود ایئر کنڈیشنر نے اچانک آگ پکڑ لی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پورے کمرے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ جس کے باعث وہاں بستر پر سویا ہوا سات ماہ کا معصوم بچہ زندگی کی بہاریں دیکھنے سے پہلے ہی موت کی خزاں کی لپیٹ میں آ گیا۔

یہ واقعہ فجیرہ کے علاقے الفصیل کے ایک گھر میں پیش آیا۔ فجیرہ پولیس کے محکمہ تعلقات عامہ اور میڈیا کے ڈائریکٹر کرنل ڈاکٹر سعید الحسنی نے بتایا کہ پولیس کے کنٹرول روم کو رات کے بارہ بجے کے قریب اطلاع مِلی کہ الفصیل کے علاقے میں و اقع ایک گھر آتش زدگی کا نشانہ بن گیا ہے۔ جس پر آگ بُجھانے والے عملے کو فوری طور پر جائے حادثہ پر روانہ کر دیا گیا جنہوں نے موقع پر پہنچ کر دیکھا کہ آگ نے دو منزلہ گھر کے صر ف ایک کمرے کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے ۔

(جاری ہے)

بدقسمتی سے یہ وہی کمرہ تھا جس میں معصوم بچہ کچھ دیر قبل اپنی قلقاریاں بکھیرتے بکھیرتے نیند کی وادی میں پہنچ چکا تھا۔ جس بچے کے لیے اُس کے والدین نے ہزاروں سپنے دیکھ رکھے تھی‘ وہ آگ کے بے رحم شعلوں کی پکڑ میں آکر چیختا چلاتا رہا مگر یہ بے بسی کا یہ رونا بھی کسی کام نہ آیا۔ جس وقت بچے کو کمرے سے باہر نکالا گیا تو اُس کا پھول سا جسم بُری طرح جھُلس چُکا تھا۔

اُسے فجیرہ ہسپتال منتقل کیا گیا مگر وہ زندگی کی طرف واپس نہ لوٹ سکا۔ پولیس کے مطابق جس وقت یہ حادثہ پیش آیا گھر میں صرف ملازمہ موجود تھی۔شیر خوار بچے کی والدہ ملازمت پر گئی ہوئی تھی جبکہ والد کسی کام کے سلسلے میں امارات سے باہر تھا۔فائر فائٹرز کے بروقت پہنچنے سے گھر کا باقی حصّہ تو آگ سے بچ گیا‘ مگر جسے بچانا تھا وہ خُدا کو پیارا ہو گیا۔

متعلقہ عنوان :