لان ٹینس کے فروغ کیلئے پنجاب میں چیمپئن شپ کرائیں گے، ڈی جی سپورٹس

رائو افتخار نے ڈی جی سپورٹس سے نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں ملاقات کی اور سٹیٹ آف دی آرٹ لان ٹینس کورٹ کا دورہ بھی کیا

منگل 11 ستمبر 2018 23:35

لان ٹینس کے فروغ کیلئے پنجاب میں چیمپئن شپ کرائیں گے، ڈی جی سپورٹس
لاہور۔11 ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 ستمبر2018ء) ڈائریکٹر جنر ل سپورٹس پنجاب محمد عامر جان نے کہا ہے کہ لان ٹینس کے فروغ اور نئے باصلاحیت کھلاڑی سامنے لانے کیلئے پنجاب لان ٹینس ایسوسی ایشن کے تعاون سے پنجاب کی سطح پر لان ٹینس چیمپئن شپ کرائیں گے، ہمارے ٹینس سٹار عصام الحق اور اوشنا سہیل عالمی مقابلوں میں پاکستان کی نمائندگی کررہے ہیں، ہمارے ہاں ٹیلنٹ کی کمی نہیں ہے، نشتر پارک سپورٹس کمپلیکس میں سٹیٹ آف دی آرٹ لان ٹینس کورٹ بنایا گیا ہے جس میں نئے کھلاڑیوں کو تربیت دیں گے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے سابق سیکرٹری سپورٹس پنجاب و چیئرمین پنجاب لان ٹینس ایسوسی ایشن رائو افتخارسے ملاقات کے دوران کیا، رائو افتخار نے منگل کو محمد عامر جان سے نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں ملاقات کی جس میں لان ٹینس کے فروغ اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، ڈی جی سپورٹس نے مزید کہا کہ سپورٹس بورڈ پنجاب نے لان ٹینس کے فروغ اور کھلاڑیوں کو بہترین سہولتیں فراہم کرنے کیلئے نشتر پارک سپورٹس کمپلیکس میں بین الاقوامی معیار کا ٹینس کورٹ بنایا ہے جس میں تمام جدید سہولتیں میسر ہیں، نئے کھلاڑی تلاش کرنے کیلئے پنجاب کی سطح پر چیمپئن شپ کرائیں گے اور ان میں کامیاب ہونے والے کھلاڑیوں کو ماہر کوچز سے تربیت دلوائیں گے۔

(جاری ہے)

ڈی جی سپورٹساور رائو افتخار نے سٹیٹ آف دی آرٹ ٹینس کورٹ کا دورہ بھی کیا اور مختلف شعبوں کا جائزہ لیا، اس موقع پر رائو افتخار کا کہنا تھا کہ ٹینس کورٹ میں عالمی معیار کی تمام سہولتیں موجود ہیں جس میں انٹرنیشنل میچز بھی ہوسکتے ہیں ، رائو افتخار نے ڈی جی سپورٹس کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ سپورٹس کے فروغ اور ترقی کے لئے جس طرح اقدامات کئے گئے ہیں ہم پُرامید ہیں کہ پاکستان میں سپورٹس کا مستقبل روشن ہے اور نوجوان زیادہ سے زیادہ سپورٹس میں حصہ لیں گے، بعد میں انہوں نے پنجاب انٹرنیشنل سوئمنگ کمپلیکس کا بھی دورہ کیا۔