خطرناک سمندری طوفان امریکا کی جانب بڑھتا ہوا،آج ریاست کیرولینا سے ٹکرائے گا

ممکنہ طور پر متاثر ہونے والے علاقوں سے 10 لاکھ افراد کو نکالنے کا فیصلہ، 26 کاؤنٹیز کے اسکولوں کو بند کر دیا گیا

بدھ 12 ستمبر 2018 13:33

خطرناک سمندری طوفان امریکا کی جانب بڑھتا ہوا،آج ریاست کیرولینا سے ..
واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 ستمبر2018ء) فلورنس نامی انتہائی طاقتور سمندری طوفان امریکا کے مشرقی ساحل کی طرف بڑھ رہا ہے۔ حکام نے اس طوفان سے ممکنہ طور پر متاثر ہونے والے علاقوں سے 10 لاکھ افراد کو نکالنے کا فیصلہ کیا ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق کیٹیگری چار کے اس طوفان کے ساتھ 220کلومیٹر فی گھنٹہ تک کی تیز رفتار ہوائیں بھی شامل ہیں۔

یہ طوفان امریکا کے مشرقی ساحلی علاقے کی طرف بڑھ رہا ہے اور اسی باعث لوگوں نے خطرے کے شکار علاقوں سے نکلنا شروع کر دیا ہے۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے ایک ٹوئیٹ میں لوگوں کو متنبہ کیاکہ مشرقی ساحل سے ٹکرانے والا یہ گزشتہ کئی برسوں کا بدترین طوفان ہے۔ ٹرمپ نے اپنے پیغام میں لوگوں سے کہا کہ وہ تیار، محتاط اور محفوظ رہیں۔

(جاری ہے)

امریکا کی جنوبی ریاست کیرولینا کے گورنر ہینری میکماسٹر نے ریاست کے مشرقی ساحلی علاقوں سے ایک ملین کے قریب لوگوں کو وہاں سے نکلنے کا حکم دیا ہے۔

یہ طوفان ممکنہ طور پر جمعرات 13 ستمبر کو ساحلی علاقوں سے ٹکرائے گا۔ اس ریاست کی 46 میں سے 26 کاؤنٹیز کے اسکولوں کو بند کر دیا گیا ہے۔ہمسایہ ریاست شمالی کیرولینا کے گورنر نے بھی ممکنہ طور پر طوفان کی زد میں آنے والے علاقوں سے لوگوں کو نکالنے کا حکم دیا ہے۔ جبکہ ریاست ورجینیا میں اسی سبب ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔ریاست کیرولینا کے گورنر ہینری میکماسٹر کے مطابق یہ انتہائی خطرناک سمندری طوفان ہے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ ساحلی علاقوں سے لوگوں کو منتقل کرنا ’ضروری ہے نا کہ رضاکارانہ‘۔ صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر کا کہنا تھاکہ ہم نہیں چاہتے کہ ایک بھی زندگی اس طوفان کی نذر ہو۔

متعلقہ عنوان :