بھارت،انجینئرنگ کورس سے پریشان طالبہ نے خودکشی کرلی

جمعہ 14 ستمبر 2018 13:16

بھارت،انجینئرنگ کورس سے پریشان طالبہ نے خودکشی کرلی
نئی دہلی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 ستمبر2018ء) بھارت میں میکینکل انجینئرنگ میں سال اول کی 18سالہ طالبہ نے خود کشی کرلی۔ بھارتی خبررساں ادارے کے مطابق ریاست کرناٹک کے انجینیئر نگ کالج کے دھان سری ہاسٹل میں مقیم میکینکل انجینیئر نگ میں سال اول کی طالبہ ناگا سری نے خود کشی کرلی۔ وہ کرناٹک کے ضلع شیموگا کے ہوشانگر کی رہنے والی تھی۔

اس کے ساتھ کمرے میں رہنے والی دوسری طالبہ کا کہنا ہے کہ جب وہ کلاس سے واپس آئی تو کمرے کا دروازہ اندر سے بند تھا۔

(جاری ہے)

اس نے دروازہ کھٹکھٹایا اور فون کیا مگر کوئی جواب نہیں ملا۔ اس کی اطلاع ہاسٹل کے سکیورٹی گارڈ کو دی جس کے بعد پولیس کو مطلع کیا گیا۔ پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر کمرے کا دروازہ توڑا جہاں کمرے کے پنکھے سے لٹکتی ہوئی ناگا سری کی لاش برآمد ہوئی۔ پولیس کے اعلیٰ افسر سنجیب سائیکا نے بتایا کہ ناگا سری نے خودکشی نوٹ میں تحریر کیا کہ وہ انجینیئرنگ کے سلیبس کی وجہ سے ذہنی دباو کا شکار ہے اور وہ اپنے والدین کی امیدوں کو پورا نہیں کرسکتی۔ طالبہ کی خود کشی کے حوالے سے تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔