محکمہ ریلویز کی زمینیں بیچ دینا مرغی ذبح کرنے کے مترادف ہوگا ‘ خواجہ سعدرفیق

دونوں ٹرینیں منصوبہ بندی کے بغیر صرف کارروائی ڈالنے کیلئے چلائی گئیں،خسارے میں کم از کم 20 کروڑ سالانہ کا اضافہ کریں گی

ہفتہ 15 ستمبر 2018 17:46

محکمہ ریلویز کی زمینیں بیچ دینا مرغی ذبح کرنے کے مترادف ہوگا ‘ خواجہ ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 ستمبر2018ء) مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما سابق وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ شیخ رشید احمد مسلسل غلط بیانی سے کام لے رہے ہیں،دو نئی مسافر ٹرینیں بیس روز میں تیار نہیں ہوئیںبلکہ یہ ریک بولان میل کے لئے پہلے سے اپ گریڈ کئے گئے تھے۔وزیر ریلویز شیخ رشید کی پریس کانفرنس پر اپنے رد عمل میں خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ ثابت کر سکتا ہوں کہ دونوں ٹرینیں منصوبہ بندی کے بغیر صرف کارروائی ڈالنے کے لئے چلائی گئیں۔

دونوں ٹرینیں ریلویزکے خسارے میں کم از کم 20 کروڑ سالانہ کا اضافہ کریں گی۔

(جاری ہے)

میانوالی پنڈی کے درمیان کامیاب ٹرین چلانے سے پہلے ٹریک ٹھیک کرنا لازمی تھا لیکن ایسا نہیں کیا گیا ۔ 65 سال سے زائد عمر کے لوگوں کو ریلوے پر آدھے ٹکٹ کی سہولت میرے دور ہی سے حاصل ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ریلوے خسارہ ایک دو یا تین برس میں ختم نہیں ہو سکتا۔احمقانہ باتیں کرنے کی بجائے محکمے کی مالی حالت مرحلہ وار بہتر بنانے کی کوشش کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ ریلویز کی زمینیںبیچ دینا مرغی ذبح کرنے کے مترادف ہوگا اورخسارہ پھر بھی وہیں رہے گا ۔انہوں نے کہا کہ ریلوے کے بہتر مستقبل کے لئے حکومت کو تجاویز دیں گے ا ور ان تجاویز کو عوام کے سامنے بھی رکھیں گے ۔