محرم الحرام باطل کے خلاف ڈٹ جانے کا عظیم درس دیتا ہے،اعجازاحمد چوہدری

منگل 18 ستمبر 2018 21:07

محرم الحرام باطل کے خلاف ڈٹ جانے کا عظیم درس دیتا ہے،اعجازاحمد چوہدری
لاہور۔18 ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 ستمبر2018ء) تحریک انصاف کے سینئر مرکز ی رہنمااعجازاحمد چوہدری نے کہاہے کہ محرم الحرام ہمیں امن،اخوت بھائی چارے اور صبر کا درس دیتا ہے، ماہ محرم میں امن کا قیام یقینی بنانے کیلئے پوری قوم اتحاد کا مظاہرہ کرے، واقعہ کربلا تاریخ انسانی کا ایک دلخراش واقعہ ہی نہیں بلکہ ظلم بربریت اور درندگی کی ایک ایسی داستان ہے جسے کبھی فراموش نہیںکیا جاسکتا۔

انہوںنے کہا کہ نفاذ عدل اور انسان کے بنیادی حقوق کی بحالی کیلئے نواسہ رسول ؑ نے جو لازوال قربانی دی وہ مسلمانوں کیلئے تاقیامت مشعل راہ رہے گی، محرم الحرام شہادتوں حق گوئی اور باطل کے خلاف ڈٹ جانے کا عظیم درس دیتا ہے جس پر عمل کرنے سے انسانوں کی بقاء سلامتی اور اقوام عالم میں اتحاد و یگانگت کا جذبہ زندہ رہ سکتا ہے، اتحاد امت کیلئے ہم سب کومتحد ہوکر میدان میں نکلنا ہوگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہاکہ نواسہ رسولؐ کی قربانی انسانیت پر وہ احسان عظیم ہے جس کی مثال تاقیامت پیش نہ کی جاسکے گی،حضرت امام حسینؓ کی تعلیمات امت مسلمہ کے لئے مشعل راہ ہیں۔ اگر تمام مسلمان حضرت امام حسینؓ کی تعلیمات پر عمل پیرا ہوں تو تمام دنیاوی مسائل سے چھٹکارہ حاصل کیا جاسکتا ہے۔ حضرت امام حسینؓ نے اسلام کی سربلندی کے لئے کربلا کے میدان میں اپنے خاندان کے ہمراہ اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا۔