شہدائے کربلا کی یاد میں صوبائی دارلحکومت لاہور سمیت ملک بھر میں جلوس اور مجالس عزا برپا

پانڈوسٹریٹ اسلام پورہ سے شبیہ ذوالجناح کا مرکزی برآمد ہوا،مرکزی جلوس میں عزادار نوحہ خوانی،گریہ زاری اور ماتم داری کرتے رہے

جمعرات 20 ستمبر 2018 22:54

لاہور۔20 ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 ستمبر2018ء) شہدائے کربلا کی یاد میں صوبائی دارلحکومت لاہور سمیت ملک بھر میں جلوس نکالے گئے اور مجالس عزا برپا کی گئی ہیں، اس موقع پر شہر بھر میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔نواسہ رسول حضرت امام حسین اور ان کے ساتھیوں کی میدان کربلا میں دی گئی عظیم قربانی کی یاد میںجگہ جگہ مجالس اور جلوس شبیہ علم کے جلوس برآمد کیے گئے، لاہور میں پانڈوسٹریٹ اسلام پورہ میں شبیہ ذوالجناح برآمد ہوا،مرکزی جلوس میں عزادار نوحہ خوانی،گریہ زاری اور ماتم داری کرتے رہے۔

مرکزی جلوس عالمگیر روڈاور سراج بلڈنگ چوک پہنچاجہاں عزاداروں نے نمازظہرین اداکی ہے،بعد ازاں جلوس نیلی بارموڑ سے ہوتاہوا سیکرٹریٹ، چرچ روڈ سے پرانی انارکلی پہنچاجہاں علامہ حسن عباس نقوی کی امامت میں نمازمغربین ادا کی گئی۔

(جاری ہے)

جلوس اے جی آفس،خیمہ سادات جین مندر پرپہنچ کر اختتام پذیر ہوگیا۔قبل ازیں نکلسن روڈ پر مجلس عزا کا اہتمام کیا گیا, مجلس عزا میں عطیہ اہل بیت امام بارگاہ میں علامہ ذوالفقار نقوی نے فضائل ومصائب اہلِ بیت بیان کیے۔

جس میں عزاداروں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ایبٹ روڈ پر امام بارگاہ گلستان زہرہ میں بھی مجلس عزا ہوئی جس میں علامہ علی محمد نقوی نے فضائل و مصائب اہل بیت بیان کیے۔موری دروازہ امام بارگاہ دربارحسین سے شبیہ ذوالجناح کا قدیمی جلوس برآمد ہوا۔ جہاں عزادار حسین امام عالی مقام کو اپنے اپنے انداز میں پرسہ دیتے رہے۔محرم الحرام کے ماتمی جلوسوں کی وجہ سے شہر بھر میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ محکمہ داخلہ پنجاب کی ہدایت پر جلوس کے روٹس پر موبائل سروس بند رہی۔