امریکی خاتون نے اپنی بیٹی کی یاد میں پاکستان میں اسکول تعمیر کروا دیا

ڈیانا کی بیٹی 1993ء میں ہنزہ کے اسکول میں پڑھایا کرتی تھیں، امریکہ جانے کے بعد ڈپریشن کی وجہ سے خود کشی کر لی تھی

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان اتوار 23 ستمبر 2018 12:48

لاہور ( اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔23 ستمبر 2018ء) امریکی خاتون ڈیانا نے اپنی بیٹی الزبتھ کی یاد میں ہنزہ میں اسکول تعمیر کروا دیا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق 85 سالہ امریکی خاتون نے اپنی بیٹی کی یاد میں پاکستان میں اسکول تعمیر کروادیا۔امریکی خاتون کی بیٹی نے 15سال قبل ڈپریشن کی وجہ سے خود کشی کر لی تھی۔رپورٹس میں مزید بتایا گیا کہ 1993ء میں ایک الزبتھ نامی امریکی خاتون پاکستان آئیں تو ہنزہ کی خوبصورتی نے انہیں اپنے سحر میں جکڑ لیا۔

جس کے بعد انہوں نے ہنزہ میں ہی قیام کر لیا اور وہاں ایک مقامی اسکول میں بچوں کو پڑھانے لگیں۔1994 ء میں ویزا کے کچھ مسائل کے خل کے لیے الزبتھ کو واپس امریکہ جانا پڑا،الزبتھ نے پاکستان لوٹنے سے قبل ہی اپنی جان لے لی۔ الزبتھ کی معمر والدہ ڈیانا میکارتھر کا کہناہے کہ ان کی بیٹی کو ڈپریشن کی بیماری کا سامنا تھا اور اسی بیماری کے سبب اس نے خود کشی کرکے اپنی زندگی ختم کرلی۔

(جاری ہے)

جس کے بعد ان کو شدید صدمہ پہنچا اور ان کا دل ٹوٹ گیا تھا۔ڈیانا 2007ء میں پہلی بار پاکستان آئیں۔اور پاکستانی کمیونٹی کی مدد کرنا چاہی جیسا کہ ان کی بیٹی کرتی تھی۔جس سکول میں الزبتھ پڑھایا کرتی تھی انہوں نے الزبتھ کی یاد میں ڈیانا سے اسکول کی بلڈنگ تعمیر کروانے کو کہا۔ 2008 میں ڈیانا نے ایک اسکول تعمیر کرنے کا آغاز کیا۔یہ سکول تعمیر کروانے کے لیے ان کو دس سال لگے جب کہ اس دوران وہ 20بار پاکستان آئیں۔یہ ایک خوبصورت اور جدید ترین سہولیات سے مزین عمارت ہے اور گلگت بلتستان کے علاقے میں پہلی عمارت ہے جو زلزلہ پروف ہے۔ اس سکول میں معزور بچوں کو بھی تعلیم دی جاتی ہے۔ڈیانا کا کہنا ہے کہ مجھے یقین ہے میری بیٹی ہمیں دیکھ رہی ہو گی اور آج اُس کی روح بہت خوش ہو گی۔