صوبائی وزیر کا راولپنڈی انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کا دورہ

اتوار 23 ستمبر 2018 19:40

راولپنڈی 23ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 ستمبر2018ء) پنجاب کے وزیر خواندگی و غیر رسمی بنیادی تعلیم راجہ راشد حفیظ نے کہاہے کہ حکومت پنجاب راولپنڈی سمیت صوبے کے دیگر شہری و دیہی علاقوں میں صحت کی سہولیات کو بہترسے بہتر بنانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے گی ․ راولپنڈی کے کارڈیالوجی انسٹی ٹیوٹ کو مزید بہتر بنانے کیلئے ہر ممکن وسائل فراہم کئے جائیں گے تاکہ امراض قلب کے مریضوںکو ہر ممکن سہولیات حاصل ہوں سکیں۔

(جاری ہے)

․ انہوں نے یہ بات گذشتہ روز راولپنڈی انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے خصوصی دورے کے دوران بریفنگ لیتے ہوئے کہی ․ ہسپتال کے میڈیکل سپرینٹنڈنٹ ڈاکٹر محمد سہیل ،ڈپٹی میڈیکل سپرینٹنڈنٹ ڈاکٹر ناصر، ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن بریگیڈئیر (ر) عبدالقدوس اور ایڈمن و سکیورٹی انچارج کرنل (ر) ولایت کے علاوہ مختلف شعبوں کے سربراہان اور سنئیر افسران بھی موجود تھے ․ راجہ راشد حفیظ نے سابق ایم پی اے عارف عباسی کے ہمراہ ہسپتال کے مختلف شعبوں کا تفصیلی معائینہ کیا اور وارڈوں میں جا کر مریضوں سے علاج معالجے کی سہولیات کے بارے میں استفسارکیا ․ ․ انہوں نے کہا کہ میرے ہسپتال کے دورے کا مقصد یہاں موجود سہولیات کے بارے میں جاننا اور جو سہولیات ، ادویات یا فنڈز دستیاب نہیں ہیں ان کی فراہمی کیلئے کوشش کرنا ہے ․انہوں نے کہاکہ ہم راولپنڈی کے عوام کو صحت کی معیاری سہولیات فراہم کرنے میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کریں گے ․ قبل ازیں ایم ایس ڈاکٹر محمد سہیل نے صوبائی وزیر راجہ راشد حفیظ اور سابق ایم پی اے عارف عباسی کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ہسپتال میں لائے جانے والے کسی بھی مریض سے اس کا علاج مکمل ہونے تک نہیں پوچھا جاتا کہ اس کے پاس علاج معالجے کی رقم ہے یا نہیں ․ علاج کے بعد اگر مریض اخراجات ادا کر سکتا ہے تو اس سے فیس لی جاتی ہے ورنہ حکومتی فنڈز ،زکواة ، بیت المال اور دیگر مدات سے ادائیگی کی جاتی ہے ․ انہو ںنے کہا کہ او پی ڈی میں روزانہ اوسطا 2500 مریضوں کا معائینہ کیا جاتا ہے اور گذشتہ سال تین لاکھ نوے ہزار مریضوں کو چیک کیا گیا ․ ڈاکٹر سہیل نے بتایا کہ چیف ایگزیکٹو جنرل (ر) اظہر کیانی کی کاوشوں کے نتیجے میںہسپتال میں آکسیجن خود جمع کی جاتی ہے اس کا پلانٹ رات دن کام کرتا ہے ․ بجلی کی لوڈ شیڈنگ زیرو ہے اور پینے کے لئے منرل واٹر سے بھی بہتر پانی کا بندوبست کیا گیا ہے ․ انہوں نے کہا کہ ہم علاج معالجے کے ساتھ ساتھ مریضوں کو بہترین ماحول بھی فراہم کر رہے ہیں ․ صوبائی وزیر کو دل کے مریض چھوٹے بچوں کی وارڈ میں بھی لے جایا گیا جہاں انہوں نے مریض بچوں کے والدین سے بات چیت کی ۔