امریکا ذاتی مفادات کے لئے تجارت کے حوالے سے جھوٹے الزامات کے ذریعے دوسرے ممالک کو دھمکا رہا ہے، چین کی سٹیٹ کونسل کا امریکا کے ساتھ تجارتی جنگ کے پس منظر میں وائٹ پیپر

پیر 24 ستمبر 2018 15:00

بیجنگ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 ستمبر2018ء) چین نے کہا ہے کہ امریکا ذاتی مفادات کے لئے تجارت کے حوالے سے جھوٹے الزامات کے ذریعے دوسرے ممالک کودھمکا رہا ہے ۔چین کی سٹیٹ کونسل( کابینہ) کی طرف سے امریکا کے ساتھ تجارتی جنگ میں روز افزوں شدت کے پس منظر میں جاری وائٹ پیپر میں کہا گیا ہے کہ امریکا نے متعدد جھوٹے الزامات عائد کرتے ہوئے، محصولات میں اضافہ کرتے ہوئے اور اقتصادی طور پر ڈرانے دھمکانے کے دیگر ذرائع استعمال کرتے ہوئے بے انتہا دبائو سے چین پر اپنے مفادات ٹھونسنے کی کوشش کی۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ’’سب سے پہلے امریکا‘‘ پالیسی نے اختلافات کو باہمی فورمز پر اور تبادلوں سے حل کرنے کے حوالے سے گذشتہ کئی سالوں کے دوران ہونے والی پیش رفت کو سخت نقصان پہنچایا۔

(جاری ہے)

موجودہ امریکی انتظامیہ نے 2017 ء میں اقتدار سنبھالنے کے بعد ’’امریکا فرسٹ‘‘ پالسیی کے تحت باہمی احترام اور مساوی بنیاد پر مشاورت جیسی بین الاقوامی تعلقات کی اقدار کو خیر باد کہہ دیا اور یک طرفہ فیصلوں اور اقدامات ، ملکی اداروں کے تحفظ اور معاشی بالادستی کا راستہ اختیار کیا۔چین کی ریاستی کونسل کی طرف سے یہ وائٹ پیپر امریکا کی طرف سے دو سو ارب ڈالر مالیت کی چینی مصنوعات پر اضافی محصولات کے فیصلے پر عملدرآمد شروع ہونے کے چند گھنٹے بعد جاری کیا گیا ہے۔