خانہ کعبہ کو مکمل طورپر غلاف میں ڈھانپ دیا گیا

پیر 24 ستمبر 2018 15:10

خانہ کعبہ کو مکمل طورپر غلاف میں ڈھانپ دیا گیا
مکہ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 ستمبر2018ء) حج کے موقع پر خانہ کعبہ کے زیریں حصے سے اوپر اٹھائے گئے غلاف کعبہ کو نیچے تک لٹکا کر خانہ کعبہ کو مکمل طورپر ڈھانپ دیا گیا ہے۔العربیہ ٹی ویکے مطابق خانہ کعبہ کو مکمل طورپر ڈھانپے جانے کا عمل حرمین شریفین کے نگران ادارے کے سربراہ الشیخ ڈاکٹر عبدالرحمان بن عبدالعزیز السدیس کی نگرانی میں مکمل کیا گیا۔

غلاف کعبہ کے کپڑے کا نچلا حصہ جسے حج کے ایام میں تین میٹر تک اوپر کردیا گیا تھا سنہری شاذروان تک نیچے کر دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے شاہ عبدالعزیز آڈیٹوریم برائے غلاف کعبہ کے ڈائریکٹر جنرل احمد بن محمد المنصوری نے کہا کہ آپریشنل اور تکنیکی پلان کے مطابق غلاف کعبہ کو مکمل طورپر نیچے تک کھول دیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ 1439ھ کے حج کے موقع پر وسط ذی القعدہ کو غلاف کعبہ تین میٹر اوپر کردیا گیا تھا۔

غلاف کعبہ کو اوپر کرنے کا مقصد اسے صاف کرنا اور کسی قسم کے گزند پہنچانے سے بچانا ہے۔ طواف کے دوران چونکہ حجاج کرام غلاف کعبہ کو چھونے کی کوشش کرتے ہیں یا تبرک کے طورپر غلاف کا کچھ حصہ کاٹ کر اپنے پاس رکھ لیتے ہیں۔ غلاف کو اس قسم کے نقصان سے محفوظ رکھنے کے لیے غلاف کعبہ کو اوپر کرنا ضروری ہوتا ہے۔