خوشحال خان ایکسپریس حادثے کی انکوائری 30 ستمبر تک مکمل ہو جائے گی، وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد

پیر 24 ستمبر 2018 23:36

خوشحال خان ایکسپریس حادثے کی انکوائری 30 ستمبر تک مکمل ہو جائے گی، وفاقی ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 ستمبر2018ء) قومی اسمبلی کو وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کی طرف سے بتایا گیا ہے کہ خوشحال خان ایکسپریس حادثے کی انکوائری 30 ستمبر تک مکمل ہو جائے گی۔

(جاری ہے)

پیر کو قومی اسمبلی میں عائشہ غوث‘ شائستہ پرویز ملک‘ علی زاہد اور شیزہ فاطمہ کی طرف سے توجہ مبذول نوٹس کے جواب میں وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے ایوان کو بتایا کہ یہ واقعہ دس ستمبر کو پیش آیا تھا جس میں 20 مسافر زخمی ہو گئے تھے‘ اس کی انکوائری 30 ستمبر تک مکمل کرکے قومی اسمبلی میں رپورٹ پیش کی جائے گی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ ایوان کو یقین دلاتا ہوں کہ ذمہ داروں کے خلاف قانون اور ضابطے کے مطابق کارروائی ہوگی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ اس ٹریک پر ٹرین 20 سال سے چل رہی ہے، ریلوے کو مضبوط بنانا ہمارا مشن ہے۔ ایم ایل ون سی پیک میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے، ہم یقین دلاتے ہیں کہ موجودہ ٹریک کو بہتر بنایا جائے گا۔ ریلوے انشورنس کے تحت جاں بحق ہونے والوں کو 15 لاکھ فی کس‘ معمولی زخمیوں کو ایک سے ڈیڑھ لاکھ اور شدید زخمی یا کوئی عضو ناکارہ ہونے کی صورت میں 5 لاکھ روپے تک معاوضہ دیا جاتا ہے۔