جرمن چانسلر میرکل نے برطانوی وزیر اعظم مے کی بریگزٹ تجاویز مسترد کر دیں

جرمنی ایسی ہر کوشش کی مخالفت کرے گا، جو پوری یورپی مشترکہ منڈی کے مفاد میں نہ ہو ا،رد عمل

بدھ 26 ستمبر 2018 15:05

جرمن چانسلر میرکل نے برطانوی وزیر اعظم مے کی بریگزٹ تجاویز مسترد کر ..
برلن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 ستمبر2018ء) جرمن چانسلر میرکل نے برطانوی وزیر اعظم مے کی بریگزٹ تجاویز مسترد کر دی ہیں۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق میرکل نے کہاکہ اگر برطانیہ آئندہ بھی یورپی مشترکہ منڈی میں رہنا چاہتا ہے تو وہ اپنے مفادات کے مطابق یورپی منڈی کے مخصوص حصے منتخب نہیں کر سکتا۔وفاقی جرمن چانسلر میرکل کے مطابق یہ بات طے ہے کہ برطانیہ اگلے برس اکتیس مارچ تک یورپی یونین سے علیحدگی اختیار کر لے گا۔

(جاری ہے)

تاہم اب تک اس سلسلے میں کسی باقاعدہ برطانوی یورپی معاہدے کے حوالے سے لندن حکومت کی طرف سے جو تجاویز پیش کی گئی ہیں، وہ قابل قبول نہیں ہیں۔ میرکل کے مطابق یونین سے اپنے اخراج یا بریگزٹ کے بعد بھی اگر لندن حکومت چاہتی ہے کہ برطانیہ یورپی مشترکہ منڈی کا حصہ رہے، تو لندن کی یہ تجویز یونین کے لیے قابل قبول نہیں ہو سکتی کہ وہ یورپی سنگل مارکیٹ کے مخصوص حصوں میں شامل رہنے کے لیے محض اپنے ہی مفادات کو پیش نظر رکھے۔اس بارے میں میرکل نے واضح طور پر کہاکہ جرمنی ایسی ہر کوشش کی مخالفت کرے گا، جو پوری یورپی مشترکہ منڈی کے مفاد میں نہ ہو اور جس کے ذریعے عالمی تجارت کو کھوکھلا کرنے کی کوئی کاوش کی جائے۔