پروفیسر ڈاکٹر خضر الحق نے آزاد جموں و کشمیر مظفر آباد میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد کلیم عباسی اور رجسٹرار ڈاکٹر غلام مرتضی کے خلاف توہین عدالت کا مقدمہ دائر کر دیا

بدھ 26 ستمبر 2018 18:20

بھمبر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 ستمبر2018ء) پروفیسر ڈاکٹر خضر الحق آزاد جموں و کشمیر مظفر آباد میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد کلیم عباسی اور رجسٹرار ڈاکٹر غلام مرتضی کے خلاف عدالت عالیہ کا فیصلے پر عمل در آمد نہ کرنے کی بناء پرتوہین عدالت کا مقدمہ دائر کر دیا آزا دجموں و کشمیر عدالت عالیہ نے دونوں کے خلاف توہین عدالت کے نوٹس جاری کر دیئے ہیں جس پر آئندہ تاریخ پیشی 22اکتوبر 2018مقرر کی گئی ہے۔

صدر ریاست آزاد جموں و کشمیر سردار مسعود خان نے ذاتی طور پر ڈاکٹر کلیم عباسی وائس چانسلر یونیورسٹی آف مظفر آباد کو اس معاملے میں عدالت عالیہ کے احکامات پر من و عن تسلیم کرتے ہوئے عمل در آمد کی ہدایت بھی دے رکھی تھی۔ تفصیلات کے مطابق عدالت عالیہ نے اپنے فیصلے مصدرہ 26مئی 2017میں پروفیسر ڈاکٹر خضر الحق کی اپیل منظور کرتے ہوئے گریڈ 21میں 21اگست 2014سے موثر بماضی بمعہ مراعات تعینات کرنے کا حکم دیا تھا جسے بعد ازاں عدالت عظمی نے بحال رکھا اور نظر ثانی اپیل میں بھی بحال رکھا لیکن عدالت عالیہ کے احکامات کو نظر انداز کر دیا گیا ۔

(جاری ہے)

درخواست گزار نے عدالت عالیہ سے التجا کی ہے کہ محمد کلیم عباسی وائس چانسلر اور مسٹر غلام مرتضی رجسٹرار یونیورسٹی عدالت عالیہ کا حکم ماننے سے انکاری ہے لہذا ان کے خلاف توہین عدالت کی کاروائی کی جائے۔ عدالت عالیہ نے درخواست گزار کے موقف کو درست تسلیم کرتے ہوئے توہین عدالت کے مرتکب افسران کو توہین عدالت کے نوٹس جاری کر دیئے او ر مقدمہ کی 22اکتوبر کو میرپور میں سماعت ہو گی۔