شارجہ: سائیکلوں اور موٹر سائیکلوں کے خلاف کریک ڈاؤن میں تیزی آ گئی

میونسپلٹی نے حال ہی میں 500 سے زائد سائیکلیں اور موٹر سائیکلیں قبضے میں لے لیں

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 16 اکتوبر 2018 15:43

شارجہ: سائیکلوں اور موٹر سائیکلوں کے خلاف کریک ڈاؤن میں تیزی آ گئی
شارجہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔16اکتوبر2018ء) شارجہ میونسپلٹی نے شارجہ پولیس کے اشتراک کے ساتھ کی گئی کارروائیوں کے دوران گزشتہ تین ماہ کے دوران پانچ سو سے زائد سائیکلیں اور موٹر بائیکس قبضے میں لے لیں۔ میونسپلٹی کے مطابق اس مہم کے دوران اُن افراد کی سائیکلیں قبضے میں لی گئیں جو خطرناک کرتب دکھاتے اور تیز رفتاری اپناتے ہیں یا پھر اُن غیر لائسنس شُدہ سائیکل سواروں کو ٹارگٹ کیا گیا ہے جو رہائشی علاقوں میں خوراک یا دیگر اشیائے ضروریہ پہنچاتے ہیں۔

شارجہ پولیس کے سِول انسپکشن ڈیپارٹمنٹ کے ڈائریکٹر خلیفہ بُو غنیم السویدی نے بتایا کہ میونسپلٹی کو عوام کی جانب سے سینکڑوں ایسی شکایات موصول ہوئیں جن میں بتایا گیا کہ کچھ سائیکل سوار غلط سمت میں سائیکل چلاتے ہیں اور کچھ ایسے بائیکرز کی نشاندہی بھی کی گئی جو ٹریفک ضوابط کی پابندی نہ کر کے اپنی اور دُوسروں کی زندگیاں خطرے میں ڈال رہے ہیں۔

(جاری ہے)

اکثر لوگ اپنی سائیکلیں دیواروں، کھمبوں اور ٹیلی فون بُوتھس کے قریب چھوڑ جاتے ہیں جس سے شہر کا حُسن پھیکا پڑ جاتا ہے۔ گزشتہ تین ماہ کے دوران میونسپلٹی انسپکٹرز اور پولیس پٹرولز نے شارجہ کے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے پانچ سو سے زائد سائیکلیں اور موٹر سائیکلیں ضبط کی ہیں۔ انہیں قبضے میں لینے کے بعد کباڑ خانے میں بھیج کر ضائع کر دیا گیا تاکہ انہیں دوبارہ سڑکوں پر نہ لایا جا سکے۔

قبضے میں لے جانے والی زیادہ تر موٹر بائیکس ایسی تھیں جو بغیر لائسنس اور نمبر پلیٹ کے چلائی جا رہی تھیں یا اُن کے مالکان ہیلمٹ اور حفاظتی جیکٹ نہ پہن کر ٹریفک ضوابط کی خلاف ورزی کے مرتکب ہوئے۔ جبکہ کئی سائیکلیں پُرانی اور ناقابل استعمال حالت کو پہنچنے کے باعث ضبط کی گئیں۔ میونسپلٹی انسپکٹرز کی جانب سے اُن بائیکس کے خلاف بھی کریک ڈاؤن کیا گیا جن کے انجنوں میں موڈیفیکیشن کروانے کے باعث پیدا ہونے والا بے پناہ شور رہائشیوں کے آرام و چین میں خلل ڈالنے کا باعث بن رہا تھا۔

الُسویدی کے مطابق کئی علاقے ایسے ہیں جن میں سائیکلنگ پر پابندی عائد ہے جن میں خالد لیگون کارنیشے، پبلک پارکس، خالد لیگون سے خالدیہ برِج تک کا علاقہ، الوحدہ روڈ کے علاوہ الخان برِج (شارجہ گیٹ) سے شاہ فیصل برِج اور شاہراہیں بھی شامل ہیں۔ اس کے علاوہ سائیکل سواروں کے لیے پبلک روڈز کے کناروں پر دُکانوں کے آگے راہگیروں اور شاپنگ کی غرض سے آئے لوگوں کے لیے مخصوص گزرگاہ پر بھی سائیکل چلانے کی ممانعت ہے۔ حکومت کی جانب سے موٹر بائیکس اور سائیکل چلانے والوں کے لیے ایک آگاہی مہم بھی چلائی جا رہی ہے جس میں اُنہیں تاکید کی جاتی ہے کہ وہ رات کے وقت سیفٹی جیکٹس اور ہیلمٹس کا استعمال ضرور کریں۔