شہر و کینٹ کو تجاوزات سے پاک کرنے کی عدالتی مہلت میں دو دن باقی

عدالتی احکامات کے باوجود تجاوزات کے خلاف قابل قدر کارروائی نہ ہو سکی، نوٹسز کا اجراء

منگل 16 اکتوبر 2018 17:12

راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اکتوبر2018ء) تجاوزات خاتمے کے عدالتی احکامات کے 4یوم گذر جانے کے باوجود شہر و کینٹ میں تجاوزات کے خلاف قابل قدر کارروائی نہ ہو سکی ،شہر و کینٹ کو تجاوزات سے پاک کرنے کی عدالتی مہلت میں دو دن باقی رہ گئے ۔اے پی پی کو دستیاب معلومات کے مطابق عدالت عالیہ راولپنڈی بنچ نے دونوں کنٹونمنٹ بورڈز اور شہر ی انتظامیہ کو 19اکتوبر تک تجاوزات کے مکمل خاتمے کے احکامات دیے تھے تاھم عملی طور پر شہر و کینٹ میں تجاوزات کی صورتحال جو ں کی توں ہے ۔

اس ضمن میں ذرائع نے قومی خبر ایجنسی کو بتایاکہ راولپنڈی و چکلالہ کنٹونمنٹ بورڈز نے معمول کے انسداد تجاوزات آپریشن کے ساتھ تجاوز کنندگان کو انتباہی نوٹسز جاری کرتے ہوئے تجاوزات از خود ختم کرنے کی ہدایات دی ہیں ۔

(جاری ہے)

میونسپل کارپوریشن راولپنڈی نے بھی دکانداروں کو نوٹسز جاری کر دیئے ہیں اور محدود وسائل کے ساتھ آپریشن بھی شروع کر دیا ہے تاھم میونسپل کارپوریشن حکام کا کہنا ہے کہ ان کے پاس مشینری ہی نہیں ہے ضلعی انتظامیہ مشینری فراہم کرے گی تو پختہ و عارضی تجاوازت ختم کرنے کا آپریشن شروع کیا جائے گا ۔

ٹائون میونسپل آفیسر ریگولیشنز شہزاد گوہر نے ’’اے پی پی‘‘ سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ ایم سی آر نے اپنے وسائل کے ساتھ انسداد تجاوزات آپریشن کا آغاز کر دیا ہے تاھم مشینری ملتے ہی آپریشن کا دائرہ وسیع کر دیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :