حیسکو کی بدانتظامی، کرپشن اور عوام پر مظالم پر حکومتی ذمہ داران کی چشم پوشی کی وجہ سے حیسکو میں عوامی مسائل کے حل کا شعبہ مکمل غیرموثر ہوگیا ہے، مشترکہ بیان

جمعہ 19 اکتوبر 2018 17:10

حیدر آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اکتوبر2018ء) انسان دوست فائونڈیشن کے چیئرمین نعیم نورانی، جنرل سیکریٹری فقیرمحمد قریشی،ظہیرانصاری، آغاامتیازعلی،اسدشیخ، ملک رمضان،عارف خانزادہ،آصف قائم خانی، زاہدشیخ،رائو راشد و دیگرنے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ حیسکو کی بدانتظامی، کرپشن اور عوام پر مظالم پر حکومتی ذمہ داران کی چشم پوشی کی وجہ سے حیسکو میں عوامی مسائل کے حل کا شعبہ مکمل غیرموثر ہوگیا ہے،جبکہ حیسکو کے افسران سابقہ افسر کی بدا عمالی سے بچنے کیلئے اپنی ذمہ داری ادا کرنے سے کترارہے ہیں، جس کی وجہ سے صارفین حیسکو کئی ماہ سے حیسکو اور ایم این ٹی کے دفاتر کے چکر لگانے پر مجبور ہے، انہوں نے کہا کہ حیسکو فسران کی چشم پوشی سے ہزاروں کی آبادیاںڈائریکٹ کنڈوں پر بجلی کا بے رحمی سے استعمال کررہے ہیں اور ان علاقوں میں کاروائی سے حیسکو انتظامیہ کے پر جلتے ہیںانہوں نے کہا کہ حیسکو اہلکاروں کی کرپشن ،بجلی چوری کی سرپرستی اور بجلی چوروں کے خلاف موثر کاروائی کرنے کی بجائے ہرماہ بجلی بل کی باقائدگی سے ادائیگی کرنے والے صارفین پر چوری ہونے والے یونٹس ڈٹیکشن کی صورت میں چارج کئے جارہے ہیں،جس کی درستگی کیلئے متعلقہ سب ڈویژن آفس کے بعد ایم این ٹی کی چیکنگ کے بعد ناجائزڈٹیکشن کے خاتمے کے پیپرز تیار کئے جاتے ہیں، آر او اور ایکسئین آفس کے اطمینان اور دستخط کے آخر میں ایکسئین ایم این ٹی کے دستخط لازمی کردئیے گئے ہیں، لیکن کئی ماہ سے ایکسئین ایم این ٹی متعین افسران دستخط کرنے کیلئے تیار نہیں ہیں ،جس کی وجہ سے صارفین دفاتر کے چکر لگانے پر مجبورہیں ، انہوں نے وفاقی وزیر پانی و بجلی عمر گوہرایوب خان، چیف ایگزیکٹیو حیسکوارحم علی اوٹھو، ڈائریکٹر کمرشل حیسکو خالد حسین بھٹی سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ حیدرآباد کی عوام پر حیسکو کی کرپٹ انتظامیہ کی پالیسی کے تحت تمام ناجائز چارجز کا مکمل خاتمہ کرائیں،کرپٹ حیسکو اہلکارو افسران اور بجلی چوروں کے خلاف سخت ایکشن لیں،بصورت صارفین حیسکو اور سول سوسائٹی بھرپور احتجاج پر مجبور ہونگے۔