آئی سی سی نے 2023ء مینز ورلڈ کپ کیلئے کوالیفکیشن اسٹرکچر کی منظوری دے دی

12 مستقل رکن ممالک سمیت مجموعی طور پر 32 ٹیموں کے درمیان کوالیفکیشن کے تین مرحلوں میں 372 میچز کھیلے جائیں گے

ہفتہ 20 اکتوبر 2018 22:36

آئی سی سی نے 2023ء مینز ورلڈ کپ کیلئے کوالیفکیشن اسٹرکچر کی منظوری دے ..
سنگاپور سٹی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اکتوبر2018ء) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے متفقہ طور پر 2023ء میں شیڈول مینز کرکٹ ورلڈ کپ کیلئے نئی 50 اوور لیگ بیسڈ کوالیفکیشن اسٹرکچر کی منظوری دے دی، کوالیفکیشن ٹورنامنٹس جولائی 2019ء سے مئی 2022ء تک کھیلے جائیں گے، 12 مستقل رکن ممالک سمیت مجموعی طور پر 32 ٹیموں کے درمیان کوالیفکیشن کے ترین مرحلوں میں 372 میچز کھیلے جائیں گے، اس بات کا فیصلہ سنگاپور میں منعقدہ آئی سی سی اجلاس میں کیا گیا۔

ہفتے کو آئی سی سی کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق ورلڈ گورننگ باڈی نے متفقہ طور پر 2023ء میں شیڈول مینز ورلڈ کپ کیلئے کوالیفکیشن اسٹرکچر کی منظوری دے دی جس کے تحت 12 مستقل اور 20 ایسوسی ایٹ ٹیموں کو میگا ایونٹ تک رسائی کیلئے کوالیفکیشن مرحلے عبور کرنا ہوں گے، کوالیفکیشن ٹورنامنٹ کا آغاز آئندہ سال منعقدہ آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ کے بعد جولائی میں ہو گا، 32 ٹیموں کے درمیان مجموعی طور پر 372 میچز کھیلے جائیں گے، آئی سی سی کے اس فیصلے سے ایسوسی ایٹ ممالک کو مستقل ممالک کے خلاف زیادہ سے زیادہ میچز کھیلنے کا موقع بھی ملے گا، ہالینڈ سمیت 12 مستقل ممالک کی ٹیموں کے درمیان کرکٹ ورلڈ کپ لیگ مئی 2020ء میں کھیلی جائے گی اور ان کے درمیان 24 میچز کھیلے جائیں گے، میزبان ممالک سمیت کرکٹ ورلڈ لیگ کی سات ٹاپ ٹیمیں براہ راست ورلڈ کپ کیلئے ٹکٹ کٹوا لیں گی جبکہ بقیہ پانچ ٹیموں کو کوالیفائرز مرحلوں سے گزرنا ہو گا، کرکٹ ورلڈ کپ لیگ ٹو 14 سے 20 رینکڈ ٹیموں میں سے سات ٹیموں کے درمیان کھیلی جائے گی اور یہ ٹیمیں آپس میں مجموعی طور پر 36 میچز کھیلیں گی، ان میں سے ٹاپ تھری ٹیمیں 2022ء کوالیفائرز ٹورنامنٹ میں جگہ بنائیں گی، بقیہ چار ٹیمیں کوالیفائرز پلے آف کھیلیں گی، تیسری لیگ یا کرکٹ ورلڈ کپ چیلنج لیگ میں 12 ایسوسی ایٹ ممالک کی ٹیمیں ایکشن میں نظر آئیں گی اور ہر ٹیم پندرہ میچز کھیلے گی اور ٹاپ دو ٹیمیں کوالیفائرز پلے آف کیلئے کوالیفائی کریں گی جبکہ بقیہ دو ٹیمیں چیلنج پلے آف کھیلیں گی۔

(جاری ہے)

آئی سی سی چیف ایگزیکٹو ڈیوڈ رچرڈسن نے اجلاس کے بعد میڈیا کو بتایا کہ ورلڈ کرکٹ لیگ کے انعقاد سے ایسوسی ایٹ ممالک کی ٹیموں کو اپنی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔

متعلقہ عنوان :