راولپنڈی رنگ روڈ منصوبہ 439 ملین ڈالر کی لاگت سے مکمل ہو گا ، فروری 2019سے کام کا آغاز متوقع

اتوار 21 اکتوبر 2018 19:50

راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اکتوبر2018ء) راولپنڈی رنگ روڈ منصوبے پر فروری 2019 سے کام کا آغاز متوقع ہے ،منصوبہ 439 ملین ڈالر کی لاگت سے مکمل ہو گا۔اے پی پی کو دستیاب اعدادو شمار کے مطابق ایشئین انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بنک نے راولپنڈی رنگ روڈ منصوبے کے لیے 402 ملین ڈالر دینے پر رضامندی ظاہر کر دی ہے۔چین کا ایشئین انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بنک قرض کی حتمی منظوری رواں برس دسمبر میں دے گا ۔

پنجاب حکومت نے رنگ روڈ منصوبے کی منظوری دے دی ہے جبکہ پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ سے راولپنڈی رنگ روڈ مجوزہ منصوبے کے پی سی ٹو کی بھی رواں ماہ کے دوران منظوری متوقع ہے، منصوبے کا پی ایم یو بھی پی سی ٹو کا حصہ ہے،رنگ روڈ منصوبے کیلئے لینڈ ایکوزیشن (اراضی خریداری )پر 6ارب روپے کی رقم پنجاب حکومت فراہم کرے گی۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے قومی خبر ایجنسی کو ذرائع نے بتایاکہ رنگ روڈ منصوبے کا تفصیلی ڈیزائن آئندہ دوماہ میں تیار کرے گا اور کنٹریکٹرزکی پری کوالفکیشن کا پراسیس بھی شروع ہو گا ۔

رنگ روڈ پر ٹال ٹیکس کی رقم کا تعین بھی نیسپاک کرے گا ۔اس ضمن میں ایشئین انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بنک کے پانچ رکنی وفد کوآر ڈی اے میں منعقدہ میٹنگ کے دوران منصوبے بارے خصوصی بریفنگ بھی دی گئی ۔وفد کو بتایا گیا کہ پنجاب حکومت بہت جلد منصوبے کے پی سی IIکی منظوری دے گی ۔ راولپنڈی رنگ روڈ منصوبہ کو جڑواں شہروں پرٹریفک بوجھ کو کم کرنے کابہترین حل قرار دیا جاتا ہے۔

مجوزہ راولپنڈی رنگ روڈ منصوبہ جی ٹی روڈ پر روات کے قریب چھنی شیر عالم پل سے شروع ہو کر موٹر وے ٹھلیاں انٹرچینج پر اختتام پذیر ہو گا ۔رنگ روڈ کے غیر حتمی مجوزہ ڈیزائن میں 6پل، 22پلیاں، 10اوور ہیڈ بریج اور3انٹر چینج شامل ہیں۔رنگ روڈ منصوبہ کی مدت تکمیل مئی 2021مقرر کی گئی ہے تاھم یہ منصوبے کی مقررہ وقت پر شروعات سے مشروط ہے۔