بھارت: ہسپتال کے آئی سی یومیں 4 سالہ بچی سے 5 افراد کی اجتماعی زیادتی

ہسپتال کے ملازم کو گرفتار کرلیا ، دیگر چار ملزمان کی تلاش جاری ہے، پولیس حکام

پیر 5 نومبر 2018 22:43

بھارت: ہسپتال کے آئی سی یومیں 4 سالہ بچی سے 5 افراد کی اجتماعی زیادتی
نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 05 نومبر2018ء) بھارتی ریاست اتر پردیش کے ضلع بریلی میں 4 سالہ بچی کو ہسپتال کے ملازم اور چار دیگر افراد نے انتہائی نگہداشت یونٹ (آئی سی یو)میں زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا۔این ڈی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق متاثرہ لڑکی کو پانچ روز قبل خاندانی فارم میں کام کے دوران سانپ نے ڈس لیا تھا، جس پر اسے علاج کے لیے ہسپتال کے ’’آئی سی یو‘‘میں داخل کیا گیا تھا۔

لڑکی کو جس وقت زیادتی کا نشانہ بنایا گیا وہ آئی سی یو میں تنہا تھیں۔سینئر پولیس افسر اے سنگھ نے خبررساں ادارے کو بتایا کہ متاثرہ لڑکی نے یہ واقعہ اپنی دادی کو ہسپتال کے جنرل وارڈ میں منتقل ہونے کے بعد بیان کیا۔ان کا کہنا تھا کہ واقعے کا مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے، ہسپتال کے ملازم کو گرفتار کرلیا گیا ہے جبکہ دیگر چار ملزمان کی تلاش جاری ہے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ دو ہفتے قبل اتر پردیش کے ضلع باگ پت کے ہسپتال میں زیر علاج نرسنگ کی طالبہ کو مبینہ طور پر زیادتی کا نشانہ بنانے پر وارڈ بوائے اور میڈیکل کے طالب علم کو گرفتار کیا تھا۔بھارت میں ریپ کے واقعات میں خطرناک حد تک اضافہ ہوگیا ہے اور آئے روز کسی نہ کسی ریاست میں کوئی ریپ کا کیس سامنے آجاتا جبکہ حکومت کی جانب سے ان واقعات کی روک تھام کے لیے کوئی خاطر خواہ اقدامات نہیں کیے گئے۔

متعلقہ عنوان :