خادم حسین رضوی کا ٹوئیٹر اکاونٹ حکومتی درخواست پر ختم کیا گیا

نفرت انگیزی پھیلانے پر خادم حسین رضوی کا اکاؤنٹ معطل کرنے کیلئے درخواست دی تھی،پی ٹی اے حکام

Syed Fakhir Abbas سید فاخر عباس پیر 5 نومبر 2018 23:40

خادم حسین رضوی کا ٹوئیٹر اکاونٹ حکومتی درخواست پر ختم کیا گیا
اسلام آباد(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار-05 نومبر 2018ء ) :خادم حسین رضوی کا اکاونٹ ختم کرنے کے لیے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی نے ٹوئیٹر انتظامیہ کو درخواست دی تھی جس کو منظور کرتے ہوئے ٹوئیٹرانتظامیہ نے مذکورہ اکاونٹ ختم کر دیا۔تفصیلات کے مطابق آسیہ بی بی کی توہین رسالت ﷺ کیس میں بریت کے بعد ملک بھر میں احتجاجی مظاہروں اور دھرنوں کا ایک سلسلہ شروع ہوا جہاں مظاہرین نے کئی موٹرسائیکل اور گاڑیوں کو نذر آتش کیا۔

ملک میں کئی اہم شاہراہوں کو احتجاج کے پیش نظر بند کیا گیا جس پر شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ ملک میں امن و امان کی صورتحال بگڑنے اور احتجاج پُر تشدد ہونے کے بعد ٹویٹر صارفین سمیت تمام سوشل میڈیا صارفین نے تحریک لبیک کے خلاف احتجاج کیا اور فیس بُک اور ٹویٹر انتظامیہ سے درخواست کی کہ خادم حسین رضوی کے اکاؤنٹس بند کر دئے جائیں۔

(جاری ہے)

تاہم اب ٹویٹر انتظامیہ نے خادم حسین رضوی کا آفیشل ٹویٹر اکاؤنٹ ڈیلیٹ کر دیا ہے۔ ٹویٹر اکاؤنٹ مذہبی منافرت پھیلانے اور تشدد کو فروغ دینے پر ڈیلیٹ کیا گیا۔تاہم اس کے بعد خادم رضوی کی جانب سے ایک اور ٹوئیٹر اکاونٹ بنایا گیا تھا تاہم اس اکاونٹ کو بھی ڈیلیٹ کر دیا گیا ہے۔اس حوالے سے حکومتی موقف بھی سامنے آیا ہے جس کے مطابق خادم حسین رضوی کا ٹوئیٹر اکاونٹ ،ٹوئیٹر انتظامیہ نے از خود نہیں ڈیلیٹ کیا بلکہ پاکستانی حکومت کی درخواست پر کیا گیا ہے۔

پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی کے سینئر حکام نے بتایا ہے کہ ہم نے نفرت انگیزی پھیلانے پر خادم حسین رضوی کا اکاؤنٹ معطل کرنے کیلئے درخواست دی تھی، اتوار کو ایک اکاؤنٹ معطل ہونے کے بعد بنایا گیا دوسرا اکاؤنٹ بھی معطل کردیا گیا۔یاد رہے کہ تحریک لبیک پاکستان کے سربراہ علامہ خادم حیسن رضوی کا ٹویٹر اکاؤنٹ اتوار کے رات معطل کیا گیا تھا۔