محمد رفیق تارڑ کو نظریہٴ پاکستان ٹرسٹ کا چیئرمین منتخب کر لیا گیا

پیر 12 نومبر 2018 22:12

محمد رفیق تارڑ کو نظریہٴ پاکستان ٹرسٹ کا چیئرمین منتخب کر لیا گیا
لاہور۔12 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 نومبر2018ء) تحریک پاکستان کے کارکن اور سابق صدر پاکستان محمد رفیق تارڑ کو نظریہٴ پاکستان ٹرسٹ کا متفقہ طور پر دوبارہ چیئرمین منتخب کر لیا گیا ہے، اس بات کا فیصلہ یہاں ایوان کارکنان تحریک پاکستان لاہور میں نظریہٴ پاکستان ٹرسٹ کے بورڈ آف گورنرز کی20 ویں اجلاس میں ہوا، جس کی صدارت پروفیسر ڈاکٹر رفیق احمد نے کی ،اجلاس میں گزشتہ اجلاس کی کارروائی کی توثیق ، سالانہ بجٹ ، آئندہ لائحہ عمل اور اہم تنظیمی فیصلوں کی منظوری دی گئی، اجلاس نے گزشتہ کارکردگی رپورٹ پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے سیکرٹری شاہد رشید اور ان کی ٹیم کو سراہا، بورڈ آف گورنرز کے ممبران نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ہم پاکستان کے بنیادی نظریات کے تحفظ اور اس کی ترویج واشاعت کیساتھ پاکستان کو قائداعظم محمد علی جناحؒ کے افکار و نظریات کے مطابق ایک جدید اسلامی جمہوری فلاحی ملک بنانے کیلئے اپنی جد وجہد جاری رکھیں گے، بورڈ آف گورنرز نے آئندہ دو سال کیلئے اتفاق رائے سے محمد رفیق تارڑ کو چیئرمین منتخب کر لیا ، دیگر منتخب عہدیداران میں بیگم مجیدہ وائیں سرپرست، ڈاکٹررفیق احمد، جسٹس(ر) خلیل الرحمن خان اور میاں فاروق الطاف کو وائس چیئرمین ، شاہد رشید سیکرٹری، بیگم مہناز رفیع کنوینر شعبہٴ خواتین، بیگم بشریٰ رحمن کنوینر ریسرچ اینڈ پبلکیشنز کمیٹی، پروفیسر ڈاکٹر پروین خان کنوینر مادرملتؒ سنٹر شامل ہیں، جبکہ شعبہٴ خواتین کیلئے بیگم صفیہ اسحاق کنوینر آرگنائزنگ کمیٹی، بیگم خالدہ جمیل کنوینر پروگرامز کمیٹی اور ڈاکٹر غزالہ شاہین وائیں کو کنوینر رابطہ کمیٹی منتخب کیا گیا۔