نیب راولپنڈی نے سی ڈی اے کے سابق ڈپٹی ڈائریکٹر لینڈ سروے ڈویژن منیر جیلانی کو گرفتار کر لیا

منگل 13 نومبر 2018 22:04

نیب راولپنڈی نے سی ڈی اے کے سابق ڈپٹی ڈائریکٹر لینڈ سروے ڈویژن منیر ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 نومبر2018ء) قومی احتساب بیورو(نیب )راولپنڈی نے کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی(سی ڈی اے ) کے سابق ڈپٹی ڈائریکٹر لینڈ سروے ڈویژن منیر جیلانی کو گرفتار کر لیا ہے ،منیر جیلانی نے اپنے اختیارات کا غلط استعمال کر تے ہوئے ڈپلومیٹک انکلیو میں پرائم لوکیشن پر اربوں روپے مالیت کی4.5ایکٹر اراضی غیر قانونی طور پر منتقل کی تھی ۔

(جاری ہے)

اسی کیس میں نیب نے 3مزید ملزمان جن میں سابق ڈائریکٹر اربن پلاننگ غلام سرور سندھو جنہیں حال ہی میں ڈی جی کے عہدے سے تنزلی کر کے ڈپٹی ڈائریکٹر بنا گیا تھا، سمیت سابق ممبر پلاننگ سی ڈی اے نصرت اللہ اور فرنٹ مین محمد حسین (ٹھیکیدار ) کو گرفتار کیا تھا جو کہ اس وقت جسمانی ریمانڈ پر نیب کی تحویل میں ہیں ۔غلام سرور سندھو پر الزام ہے کہ انہوں نے اپنی سمری میں غلط بیانی سے کام لیا تھا ۔

سی ڈی اے نے بغیر کسی ٹینڈرز اور بڈنگ کے اربوں روپے مالیت کی زمین 2008میں 2روپے فی مربع فٹ سالانہ کرائے پر دی جبکہ یہی ٹھیکیدار یہ زمین 2015سے غیر قانونی طور پراستعمال کرتے ہوئے ڈپلومیٹک انکلیو میں فی مسافر گاڑی 500روپے وصول کرتا رہا ہے ۔اس معاملے پر اسلام آباد ہائیکورٹ نے نوٹس لیتے ہوئے معاہدہ منسوخ کر دیا تھا۔