فیصل آبا دمیں لاہور ہائی کورٹ بنچ کے قیام کا مطالبہ جائز لیکن مطالبہ منوانے کا طریقہ کار غلط ہے ،پاور لومز

انڈسٹری سے وابستہ لاکھوں مزدوروں کے مسائل حل کرنے کیلئے فوری اقدامات کئے جائیں،لطیف انصاری

جمعرات 15 نومبر 2018 17:39

فیصل آباد۔15 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 نومبر2018ء) لیبر قومی موومنٹ کے مرکزی قائد لطیف انصاری نے کہا ہے کہ فیصل آبا دمیں لاہور ہائی کورٹ بنچ کے قیام کا مطالبہ جائز لیکن مطالبہ منوانے کا طریقہ کار غلط ہے اس لئے حکومت فیصل آبا دڈویژن کی ڈیڑھ کروڑ سے زائد آبادی کیلئے فوری بنچ کا قیام یقینی بنائے نیز پاور لومز انڈسٹری سے وابستہ لاکھوں مزدوروں کے مسائل حل کرنے کیلئے بھی فوری اقدامات کئے جائیں ۔

جمعرات کی دوپہر پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران انہوںنے کہا کہ فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ ، چنیوٹ اور نواحی اضلاع کے وکلاء کئی سالوں سے فیصل آباد میں راولپنڈی ، ملتان ، بہاولپور کی طرز پر لاہور ہائی کورٹ کے بنچ کے قیام کا مطالبہ کر رہے ہیں اور ہر ہفتہ کو ان کی جانب سے مکمل احتجاجی ہڑتال بھی کی جاتی ہے جس سے ہزاروں سائلان کو اپنے مقدمات کی پیروی کے سلسلہ میں شدید مشکلات اور پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے مگر حکومت اس ضمن میں کوئی فیصلہ کن اقدام نہ کر رہی ہے جس سے وکلاء برادری میں اشتعال پیدا ہونا قدرتی امر ہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ وکلاء اور شہریوں کا فیصل آباد میں ہائی کورٹ بنچ کے قیام کا مطالبہ انتہائی جائز ہے تاہم انہوںنے گزشتہ روز وکلاء برادری کے ڈپٹی کمشنر فیصل آباد آفس پر دھاوا اور ان کے ساتھ ناروا ہتک آمیز رویہ اختیار کرنے کو افسوسناک قرار دیا۔انہوںنے کہا کہ مطالبہ منوانے کا یہ طریقہ درست نہیں۔انہوںنے پاور لو مز سیکٹر کے مزدوروں کے مسائل کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ توانائی کے بحران اور بعض دیگر وجوہات کے ساتھ ساتھ بڑھتی ہوئی پیداواری لاگت کی وجہ سے بڑی تعداد میں فیصل آباد کی پاور لومز بند ہو رہی ہیں جس سے لاکھوں مزدور بے روز گار ہو رہے ہیں اور اس طرح غربت میں اضافہ کے ساتھ ساتھ جرائم بڑھنے کا بھی خدشہ رہتا ہے کیونکہ جب لاکھوں مزدوروں کو بے روز گار کیا جائے گا اور ان کے گھروں کے چولہے بند ہوں گے تووہ اپنا اور اپنے بچوں کا پیٹ پالنے اور انہیں دو وقت کی روٹی فراہم کرنے کیلئے کوئی نہ کوئی متبادل راستہ اختیار کرنے پر مجبور ہوں گے۔

انہوںنے توقع ظاہر کی کہ متعلقہ ارباب اختیار اس جانب خصوصی توجہ دیں گے تاکہ حالات کو مزید ابتر ہونے سے بچایا جا سکے۔اس موقع پر کئی دیگر مزدور رہنماء بھی موجود تھے۔