قبضہ مافیا کی جانب سے سابق چیف جسٹس کی اہلیہ کو حبس بیجا میں رکھے جانے کا انکشاف

مسلح افراد نے ہوائی فائرنگ بھی کی، جسٹس ریٹائرڈ سعید الزمان صدیقی کے بیٹے افنان کا درخواست میں مؤقف

ہفتہ 17 نومبر 2018 22:25

قبضہ مافیا کی جانب سے سابق چیف جسٹس کی اہلیہ کو حبس بیجا میں رکھے جانے ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 نومبر2018ء) سابق چیف جسٹس جسٹس ریٹائرڈ سعید الزمان کی اہلیہ کو مسلح افراد کی جانب سے حبس بیجا میں رکھنے کا انکشاف ہوا ہے۔سابق چیف جسٹس سعید الزمان صدیقی کے بیٹے کی جانب سے مری کے تھانہ تریٹ میں جمع کرائی گئی درخواست میں کہا گیا کہ ان کی والدہ کو قبضہ مافیا نے حبس بیجا میں رکھا۔

(جاری ہے)

درخواست میں کہا گیا کہ میری والدہ اپنے پلاٹ پر چار دیواری بنوانے آئیں جس پر 4 مسلح افراد نے انہیں دھمکیاں دیں، مسلح افراد نے چار دیواری پر کام رکوایا اور والدہ کو حبس بیجا میں رکھنے کے بعد انہیں پلاٹ سے بھی نکال دیا۔

نجی ٹی وی کے مطابق جسٹس ریٹائرڈ سعید الزمان صدیقی کے بیٹے افنان نے کہا کہ مسلح افراد نے ہوائی فائرنگ بھی کی۔دوسری جانب پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ جسٹس ریٹائرڈ سعید الزمان کے بیٹے کی درخواست موصول ہو چکی ہے، کارروائی کی جا رہی ہے