سی این جی ایسوسی ایشن 22 کلو گرام وزن کے سی این جی سلنڈر و جدید الیکٹرانک فیول انجیکشن کٹس کی درآمد کے لیے وزارت تجارت کی منظوری کی منتظر ہے، عبدالغیاث پراچہ

اتوار 18 نومبر 2018 17:30

اسلام آباد۔18 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 نومبر2018ء) آل پاکستان کمپریسڈ نیچرل گیس ایسوسی ایشن (اے پی سی این جی ای) کے مرکزی رہنما عبدالغیاث پراچہ نے کہا ہے کہ ان کی ایسوسی ایشن 22 کلو گرام وزن کے حامل سی این جی سلنڈر اور جدید الیکٹرانک فیول انجیکشن (ای ایف آئی) کٹس کی درآمدات کے لیے وزارت تجارت کی منظوری اور اقدامات کا انتظار کر رہی ہے۔

اتوار کو ’’اے پی پی‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں منظوری وزارت کے پاس ہے، یہ سی این جی کٹس 660 سی سی سے لے کر 3000 سی سی تک کی گاڑیوں میں نصب ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت اس دیرینہ مطالبے کو پورا کرنے کے لیے اقدامات اور 22 کے جی سلنڈر اور کٹس کی منظوری کے ذریعے سی این جی کی صنعت کی ترقی کے لئے اپنا کردار ادا کرے گی۔

(جاری ہے)

اس وقت مارکیٹ میں 60 کلوگرام وزن کے حامل سی این جی سلنڈر دستیاب ہیں جس میں 8 کلو گرام سی این جی کی گنجائش موجود ہوتی ہے، نئی ٹیکنالوجی سے سی این جی سلنڈر کا وزن 22 کلو گرام ہو جائے گا جبکہ اس میں بھی 8 کلوگرام سی این جی کی گنجائش ہو گی۔ ایک سوال پر انہوں نے کہ نئی سی این جی کٹ کی قیمت کا تعین درآمد کے بعد کیا جائے گا۔نئی سی این جی کٹس صارفین کے لیے مائلیج میں 8 سے 10 فیصد تک اضافے کا باعث بنیں گی۔