وزارت صحت کی جانب سے وفاقی دارالحکومت میں جعلی ادویات بنانے اور فروخت کرنے والے مافیا کے خلاف ہنگامی طور پر کارروائی کرنے کا فیصلہ

اتوار 18 نومبر 2018 19:20

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 نومبر2018ء)وزارت صحت کی جانب سے وفاقی دارالحکومت میں جعلی ادویات بنانے اور فروخت کرنے والے مافیا کے خلاف ہنگامی طور پر کارروائی کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے،ڈرگ انسپکٹر کو جعلی ادویات کی فروخت اور ان کی تیاری سے متعلق فوری طور پر ٹاسک دے دئے گئے ہیں،ترلائی،کھنہ،ترنول، سیدپور روڈ ودیگر دیہاتی علاقوں میں سینکڑوں میڈیکل سٹوروں کی فہرست تیار کرلی گئی،رواں ماہ میں ڈرگ ایکٹ کے تحت مقدمات درج کرکے گرفتاریوں کا امکان ہے۔

(جاری ہے)

معلوم ہوا ہے کہ وفاقی وزیر صحت عامر محمود کیانی نے جڑواں شہروں میں جعلی ادویات اور ان کی فروخت سے متعلق ہنگامی طور پر اقدامات اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے،جس میں ابتدائی طور پر ڈرگ انسپکٹرز کی تعداد کو بڑھاتے بڑھاتے ہوئے انہیں مشکل ترین ٹاسک دے دئے ہیں۔وفاقی وزیر کو ایک اجلاس میں بتایا گیا تھا کہ ڈرگ انسپکرز کی مبینہ ملی بھگت سے شہریوں میں دوائی کے نام پر زہر فروخت کیا جارہا ہے،جس میں وزارت نے بھرپور ایکشن لیتے ہوئے فیصلہ کیا ہے کہ غیر معیاری ادویات اور ان کی تیاری میں ملوث مافیا کے خلاف بھرپور کارروائی کے ساتھ سخت ترین مقدمات بھی درج کئے جائیں گے۔ابتدائی طور پر 400مقدمات کے اندراج کیلئے ہوم ورک کرلیا گیا ہی۔