منہاج القرآن کے تحت 5شادیوں کی سالانہ اجتماعی تقریب کا انعقاد

صدر منہاج القرآن ڈاکٹر حسین محی الدین سمیت اہم شخصیات کی تقریب میں شرکت منہاج ویلفیئر فائونڈیشن مستحق اور پسے ہوئے طبقات کی بحالی و امداد میں مصروف عمل ہے‘ڈاکٹر حسین محی الدین

اتوار 18 نومبر 2018 20:30

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 نومبر2018ء) منہاج ویلفیئر فائونڈیشن حسن ابدال کے زیر اہتمام 5شادیوں کی سالانہ اجتماعی تقریب منعقد ہوئی۔تقریب کے مہمان خصوصی صدر تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر حسین محی الدین قادری تھے جبکہ اس موقع پر اہم سیاسی،سماجی ،مذہبی،علمی شخصیات بھی موجود تھیں۔تقریب میں منہاج القرآن اور پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی ،صوبائی و ضلعی قائدین کے علاوہ سول سوسائٹی کے نمائندے بھی بڑی تعداد میں شریک ہوئے ۔

10خاندانوں کی600سے زائد باراتی تقریب میں شریک ہوئے ،ہر جوڑے کو 2لاکھ سے زائد مالیت کا سامان گفٹ کیا گیا۔نوبیاہتا جوڑوں کا نکاح منہاج القرآن علماء کونسل کے سکالرز نے پڑھایا۔پنڈال کو خوبصورتی سے سجا کر خوشی کی اس تقریب کو منایا گیا۔

(جاری ہے)

منہاج القرآن کے قائدین نے باراتیوں کا پھولوں کے ہار پہنا کر پتیاں نچھاور کر کے استقبال کیا۔باراتی ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑا ڈالتے ہوئے پنڈال میں داخل ہوئے،اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے صدر منہاج القرآن ڈاکٹر حسین محی الدین نے کہاکہ منہاج ویلفیئر فائونڈیشن ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی زیر سرپرستی کمزور،مستحق اور پسے ہوئے طبقات کی بحالی و امداد میں شب و روز مصروف عمل ہے۔

تحریک منہاج القرآن پورا سال غریب و مستحق بیٹیوں کی شادیوں کی اجتماعی تقاریب کا انعقاد کرتی ہے۔ہزاروںبے سہارا بچیاں رشتہ ازدواج میںمنسلک ہو کر خوشحال زندگی بسر کر رہی ہیں۔تحریک منہاج القرآن کے تحت چلنے والے سینکڑوں تعلیمی ادارے ملک سے جہالت کے اندھیروں کو دور کر رہے ہیں۔ڈاکٹر طاہر القادری اسلام اور انسانیت کی خدمت کا اہم فریضہ سر انجام دے رہے ہیں۔اس موقع پرتحریک منہاج القرآن اور پاکستان عوامی تحریک حسن ابدال کے قائدین بھی موجود تھے۔تقریب کے اختتام پردلہنوں کو قرآن پاک کے سائے تلے ڈھیروں دعائوں میں رخصت کیا گیا ،خوشی کے اس موقع پر بھی تقریب میں موجود خواتین کی آنکھوں میں آنسو آ گئے۔