ابوظہبی ٹیسٹ:پاکستان جیت سے 46رنز دور رہ گیا

گرین شرٹس نے4وکٹوں پر130رنز بنا لیے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 19 نومبر 2018 13:04

ابوظہبی ٹیسٹ:پاکستان جیت سے 46رنز دور رہ گیا
ابوظہبی(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔19نومبر2018ء) پہلے ٹیسٹ میچ میں 176 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کے خلاف کھانے کے وقفے پر 4وکٹوں کے نقصان پر 130رنز سکور کرلیے ہیں ۔ابوظہبی کے شیخ زید سٹیڈیم میں کھیلے جا رہے ٹیسٹ کے چوتھے روز قومی ٹیم نے 37 رنز بغیر کسی نقصان کے اننگز کا آغاز کیا تو کیویز باﺅلرز نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کیا۔

اوپننگ بلے باز امام الحق 40 کے مجموعی سکور پر 27 رنز بنا کر آﺅٹ ہوئے جب کہ محمد حفیظ بھی 10 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔اوپننگ بلے بازوں کے آﺅٹ ہونے کے بعد بیٹنگ کے لیے آنے والے حارث سہیل بھی کریز پر زیادہ دیر کھڑے نہ ہوسکے اور 4 رنز بنانے کے بعد کیچ آﺅٹ ہوئے۔اس سے قبل کھیل کے تیسرے روز نیوزی لینڈ کی ٹیم دوسری اننگز میں 249 رنز بنا کر آﺅٹ ہو گئی اور پاکستان کو جیت کیلئے 175 رنز کا ہدف ملا۔

(جاری ہے)

کیویز نے تیسرے روز کھیل کا آغاز 56 رنز ایک کھلاڑی آﺅٹ سے دوبارہ کیا تو کپتان کین ولیمسن 27 اور جیت راول 26 رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے۔دونوں بلے باز محتاط انداز اپناتے ہوئے سکور کو آگے بڑھاتے رہے تاہم 86 کے مجموعے پر ولیمسن یاسر شاہ کا شکار بن گئے، وہ 37 رنز بنا کر آﺅٹ ہوئے۔اوپننگ بلے باز جیت راول اور روس ٹیلر نے بیٹنگ لائن کو سہارا دینے کی کوشش کی لیکن ٹیلر کی اننگز 19 رنز تک ہی محدود رہی جنہیں حسن علی نے آﺅٹ کیا۔

پاکستانی باﺅلروں کےخلاف مزاحمت کرنےوالے اجیت راول بھی 46 رنز پر ہمت ہار گئے، پانچویں وکٹ پر ہنری نکولس اور بی جے واٹلنگ نے ذمہ دارانہ انداز اپنایا اور 112 رنز کی شراکت قائم کی لیکن 220 کے مجموعی سکور پر نکولس 55 رنز بناکر یاسر شاہ کا شکار بنے جسکے بعد نیوزی لینڈ کی بیٹنگ لائن ایک بار پھر لڑکھڑاگئی۔یاسر شاہ نے گرینڈ ہوم کو 3، واٹلنگ کو 59 اور ویگنر کو صفر پر آﺅٹ کیا۔

سودھی 18 اور ٹرینٹ بولڈ بغیر کوئی رن بنائے حسن علی کا شکار بنے، پاکستان کی جانب سے حسن علی اور یاسر شاہ نے شاندار باﺅلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 5، 5 کھلاڑیوں کو آﺅٹ کیا۔نیوزی لینڈ کی جانب سے 175 رنز کی سبقت حاصل کی اور پاکستان کو جیت کیلئے 176 رنز کا ہدف دیا ہے۔کیویز کی جانب سے دوسری اننگز میں واٹلنگ 59، نکولس 55 اور راول 46 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔

یاد رہے کہ نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 153 رنز پر ڈھیر ہوگئی تھی جسکے بعد قومی ٹیم نے اپنی پہلی اننگز میں بابر اعظم کی نصف سنچری کی بدولت 227 رنز بنائے تھے۔ پاکستان کو نیوزی لینڈ کےخلاف آٹھ سال بعد پہلی ٹیسٹ سیریز کی جیت کا انتظار ہے، 2011 ءمیں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو ایک صفر سے شکست دی تھی اور دونوں ٹیموں کے درمیان چار سال پہلے امارات میں ہونےوالی ٹیسٹ سیریز1-1سے برابر رہی تھی۔دونوں ملکوں کے درمیان ابتک 56 ٹیسٹ میچز ہوئے ہیں جن میں سے پاکستان نے 25 اور نیوزی لینڈ نے 10 جیتے جبکہ21 میچ ڈرا رہے۔