بھارتی دُکاندارسے رقم لُوٹنے والے پاکستانیوں کو قید ہو گئی

پانچ پاکستانیوں پر مشتمل گینگ نے دُکاندار کو چھُرا گھونپ کر زخمی بھی کر دیا تھا

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 20 نومبر 2018 16:31

بھارتی دُکاندارسے رقم لُوٹنے والے پاکستانیوں کو قید ہو گئی
دُبئی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19 نومبر2018) عدالت نے ایک دُکاندار کو مار پیٹ کا نشانہ بنا کر اُسے چھُرا گھونپنے اور پھر گیارہ ہزار درہم کی رقم اور سامان لُوٹنے کے الزام میں پانچ پاکستانیوں کو قید کی سزا سُنا دی ہے۔ تمام مجرموں کو سزا کی مُدت پُوری ہونے کے فوراً بعد ڈی پورٹ کر دیا جائے گا۔ یہ واقعہ اگست 2016ء میں پیش آیا تھا، جب ایک بھارتی دُکاندارنے المظہر کے علاقے میں واقع اپنا جنرل سٹور صبح کے وقت کھولا۔

تو تھوڑی دیر بعد تین پاکستانی دُکان میں داخل ہوئے، وہاں سے مشروبات خریدے اور چلے گئے۔ تاہم تھوڑی دیر بعد وہ پھر واپس آئے۔ انہوں نے دُکاندار کو مارا پیٹا، اور پھر دُکان میں موجود ساڑھے چھ ہزار درہم کی نقد رقم کے علاوہ موبائل کارڈز اور دو موبائل فون لُوٹ کر فرار ہو گئے۔

(جاری ہے)

پولیس کے مطابق جب دُکاندار نے فرار ہوتے ملزمان کے سامنے پولیس کو مدد کے لیے کال کرنا چاہی تو اُنہوں نے ایک بار پھر اُس کی مار پیٹ کی اور اُس کے ہاتھ میں چاقو گھونپ دیا۔

زخمی دُکاندار نے اس واردات کی اطلاع پولیس کو دی۔ جس نے فوری طور پر کارروائی کرتے ہوئے واردات میں ملوث تینوں پاکستانیوں کے علاوہ اُن کے دو ہم وطنوں کو بھی گرفتار کر لیا۔ تفتیش کے دوران انکشاف ہوا کہ ملزمان نے اس نوعیت کی ایک واردات رشیدیہ کے علاقے میں بھی کی تھی۔دونوں وارداتوں میں تین افراد نے دُکان کے اندر داخل ہو کر لُوٹ مار کی ، جبکہ دو ساتھی باہر کھڑے ہو کر دھیان رکھتے رہے۔

پولیس کے مطابق ان ملزمان کی عمریں 28سے 35 سال کے درمیان ہیں۔ جبکہ ان کا چھٹا ساتھی بھی ایک کلرک ہے جس نے لُوٹا گیا مال اپنے پاس رکھا ہوا تھا۔ ملزمان نے عدالت میں اپنے خلاف عائد الزامات درست تسلیم کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہا تھا کہ اُنہیں پولیس نے جھوٹے کیس میں پھنسایا ہے۔ تاہم عدالت نے اُن کے خلاف موجود مضبوط شواہد کی بناء پر قید کی سزا سُنا دی۔