حکومت پنجاب بچوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھارہی ہے‘اعجاز عالم آگسٹین

انسانی حقو ق کے موضوع کو بچوں کے تعلیمی نصاب کا حصہ بنائیں گے ‘صوبائی و زیر انسانی حقوق و اقلیتی امور

منگل 20 نومبر 2018 18:43

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 نومبر2018ء) صوبائی وزیر انسانی حقوق وا قلیتی امور اعجاز عالم آگسٹین نے کہا ہے کہ20نومبر کو دنیا بھر میں بچوں کا عالمی دن اس عزم اور یقین کے ساتھ منایا جاتا ہے تاکہ ایک واضح پیغام جائے کہ بچوں پر تشدد کے خاتمے کے لئے تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کو اپنا اپنا کردار احسن طریقے سے نبھانا ہوگامبچوں کو ہر طرح کے تشدد سے محفوظ رکھنا بچوں کو پر اعتماد شہری بنانے میں مدد فراہم کرے گا اور امید ہے کہ یہی بچے آگے چلکر ملک وطن عزیز کا نام روشن کریں گے۔

ان خیالات کا اظہار آج صوبائی وزیر نے چلڈرن کمپلیکس لائبریری میں بچوں کے عالمی دن کی مناسبت سے ایک تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔تقریب کا اہتمام انسانی حقوق واقلیتی امور ڈیپارٹمنٹ،این سی ایچ آر،سرچ فار جسٹس اور چائلڈ رائٹس موومنٹ پنجاب کی مشترکہ کاوش سے کیا گیا،جس میں تحریک انصاف کی ایم پی اے سمیرا ملک،مسرت جمشید چیمہ اور ریجنل ڈائریکٹر انسانی حقوق لبنیٰ منصور،کشور شاہین ،داکٹر عالیہ آفتاب اورمختلف سکولوں کے بچوں کے ساتھ متعدد اہم شخصیات نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

تمام مقررین نے بچوں کے حقوق کے تحفظ اور فروغ کو یقینی بنانے کیلئے مختلف تجاویز پیش کیں۔بچوں کی جانب سے تحریک انصاف کے رہنمائوں کو 4نکا تی چارٹر آف ڈیمانڈ بھی پیش کیا گیا ،جس میں چائلڈ لیبر،جنسی تشدد،کم سن لڑکیوں کی جبری شادی کے خاتمہ اور محفوظ ایجوکیشن پالیسی کی ڈیمانڈ کی گئی۔صوبائی وزیر نے تمام حاضرین کو یقین دلایا کہ تحریک انصاف کی حکومت نئے پاکستان میں انسانی حقوق بالخصوص بچوں کے حقوق کے تحفظ کو ہر حال میں یقینی بنائے گی اور ملک بھر کے غریب بچوں کے حالات بدلیں گے اور کوئی بھی بچہ ایسا نہیں ہوگا جو سکول سے باہر رہ جائے۔

انہوں نے کہا کہ انسانی حقوق کے موضوع کو بچوں کے تعلیمی نصاب کا حصہ بنائیں گے تاکہ بچوں کو اپنے حقوق کا اندازہ ہو سکے۔بچوں کے چارٹرڈ آف ڈیمانڈ کے حوالے سے کہا کہ چائلڈ پروٹیکشن پالیسی کی تیاری و منظوری اور بچوں کے تمام تر معاملات کی نگرانی کیلئے صوبائی کمیشن برائے اطفال کا قیام،بچوں کے گھریلو ملازمین کے طور پر کام کرنے کی ممانعت،بچوں کی فیصلہ سازی میں شمولیت جیسی تجاویز کو آج اس فورم پر لانے اور ان پر صحت مندانہ بحث ومباحثہ کیلئے تمام بچوں اور دیگر منتظمین کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں اور یقین دلاتا ہوں کہ تحریک انصاف کی حکومت سول سوسائٹی کے ساتھ ملکر موزوں قانون سازی کرے گی اور تعلیم کے حوالے سے ایک جامع پالیسی مرتب کرے گی۔

تقریب کے اختتام پر بچوں اورانسانی حقوق کے تحفظ کیلئے نمایاں خدمات سر انجام دینے والے مختلف افراد میں شیلڈز وغیرہ کی تقسیم کی گئی۔