محکمہ صحت پنجاب نے سکھ یاتریوں کے علاج معالجے کے انتظامات مکمل کر لئے

منگل 20 نومبر 2018 20:04

لاہور۔20 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 نومبر2018ء) محکمہ صحت پنجاب نے بابا گورو نانک دیو کے جنم دن میں شرکت کے لئے آنے والے سکھ یاتریوں کے علاج معالجے کے بہترین انتظامات کرلئے ہیں۔

(جاری ہے)

اس ضمن میں سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ ثاقب ظفر کی طرف سے متعلقہ اضلاع کے ٹیچنگ اداروں اور ہسپتالوں کو مراسلہ جاری کردیا گیا ہے جس میں ہدایت کی گئی ہے کہ 21 سے 30 نومبر تک لاہور، شیخوپورہ، ننکانہ، گوجرانوالہ،سیالکوٹ، حسن ابدال اور ٹیکسلا کے ہسپتالوں میں سکھ یاتریوں کے لئے خصوصی کاؤنٹر قائم کئے جائیں۔

کسی ایمرجنسی میں خصوصی ایمبولینس بھی دستیاب ہونی چاہیئے۔ سیکرٹری ہیلتھ نے کہا کہ مذہبی رسومات کی ادائیگی کے لئے دنیا بھر سے آنے والے سکھ یاتریوں کے علاج معالجے میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ گورودوارہ جنم استھان ننکانہ، گوردوارہ کرتار پور اور گوردوارہ پنجہ صاحب میں محکمہ صحت کی موبائل ٹیمیں بھی موجود رہیں گی۔