سبز پتوں والی سبزی گوبھی (بروکولی) اور کرم کلاں انتوں کے سرطان سے تحفظ فراہم کرتے ہیں، ماہرین

بدھ 21 نومبر 2018 13:20

لندن ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 نومبر2018ء) برطانوی ماہرین صحت نے کہا ہے کہ سبز پتوں والی سبزی (بروکولی) اور کرم کلاں کے باقائدہ استعمال سے آنتوں کے سرطان سے محفوظ رہا جاسکتا ہے۔لندن میں واقع فرانسِس کرِک انسٹی ٹیوٹ کے سائنسدانوں کی تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ سبزیاں ہضم ہوتے وقت جسم میں سرطان دورکرنے والے اجزا خارج کرتی ہیں اور اسی لیے یہ سبزیاں اپنے اندر حیرت انگیز خواص رکھتی ہیں۔

اس کی آزمائش کے لیے بروکولی کے اجزا کو تجربہ گاہوں میں آنتوں کے خلیات اور چوہوں پر آزمایا گیا۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ آنتوں کی اندرونی دیواروں کے خلیات ہمارے جلد کے خلیات کے طرح تیزی سے جھڑتے اور پیدا ہوتے رہتے ہیں۔ اگر اس عمل میں گڑ بڑ ہوجائے تو کینسر کا مرض بھی لاحق ہوسکتا ہے۔

(جاری ہے)

ماہرین نے اپنے تجربات کے دوران ان سبزیوں میں پائے جانے والے خاص کیمیائی مادے انڈول تھری کاربینول کو آزمایا، یہ کیمیائی مادہ آنتوں میں جاکر اسٹیم سیلز کو بدلتا ہے، آنتوں کے نئے استر بناتے وقت سوزش کو روکتا ہے اور امنیاتی خلیات کو طاقت دیتا ہے۔

تجربات کے دوران مشاہدہ کیا کہ اس کیمیکل کی وجہ سے آنتوں کے کینسر کے قریب پہنچ جانے والے چوہے بھی بیماری سے محفوظ رہے۔ جن چوہوں کی آنتوں میں سرطانی پھنسیاں بن رہی تھیں سبزیوں سے ان کی افزائش بھی رک گئی جو ایک بہت عمدہ پیش رفت ہے۔ اسی بنا پر ماہرین عوام کو زیادہ سے زیادہ سبزیاں کھانے کا مشورہ دے رہے ہیں۔