وزیر اعظم کے معاون خصوصی علی نواز اعوان کا ر وز اینڈ جسمین گارڈن میں 39ویں سالانہ گل دائودی اور موسم خزاں کے پھولوں کی نمائش کے افتتاح پر خطاب

جمعہ 30 نومبر 2018 23:03

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 نومبر2018ء) وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے سی ڈی اے علی نواز اعوان نے کہا ہے کہ صحتمندانہ ماحول ایک صحت مند سوچ کو جنم دیتا ہے اور پھول صحت مند ماحول اور جمالیاتی حسن کو نکھارنے میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔ان خیالات کا اظہارانھوں نے اسلام آباد ہارٹیکلچر سوسائٹی کے زیر اہتمام ر وز اینڈ جسمین گارڈن میں منعقد ہونے والی 39ویں سالانہ گل دائودی اور موسم خزاں کے پھولوں کی نمائش کے افتتاح کے موقع پر کیا۔

انہوں نے کہا کہ سی ڈی اے نے اسلام آباد ہار ٹیکلچر سو سائٹی کے اشتراک سے اسلام آباد کے شہریوں کے جما لیاتی ذوق کی تسکین کیلئے پھولوں کی اس نمائش کا انعقاد کیا ہے۔نظروں کو خیرہ کرنے والے اس نمائش کے اہتمام میں منتظمین نے نہایت نفاست کے ساتھ پھولوں کو سجانے کیلئے محنت کی ہے اورسی ڈی اے مستقبل میں بھی ایسی نمائشوں کا اہتمام کرتا رہے گا۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آبادکا شمار دنیا کے خوبصورت ترین دارالحکومتوں میںہوتا ہے اس کے قدرتی حسن کا تحفظ اور اسے مزید خوبصورت بنانا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔وزیر اعظم کے کلین اینڈ گرین پاکستان پروگرام کے تحت اسلام آباد کے قدرتی حسن کے تحفظ اور اس کو سرسبز و شاداب شہر بنانے کے لئے تمام وسائل کو بروئے کار لایا جائے گا۔

پھولوں کی اس نمائش میں گل دائودی کی مختلف اقسام خاص ظور پر انٹر میڈیٹ، انکرڈ، ریفلیکس، سپرے، اینیمن ،پومپس،کورئین ہائبرڈ، سنگل فلور، اور سپائڈری فلاور کے علاوہ مختلف اقسام کے دیدہ زیب پھول مختلف انداز میں سجا کر نمائش کے لئے پیش کیے جا رہے ہیں۔یہ نمائش تین روز تک جاری رہے گی۔پھولوں کی نمائش میں علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی، اسلام آباد کلب، پی ایم ایچ، سی ایم ٹی ڈپو سمیت دیگر ادارے حصہ لے رہے ہیں۔گل دائودی اور موسم خزاں کے پھولوں کی نمائش دیکھنے کے لیے لوگوں کی بڑی تعداد نے روز اینڈ یاسمین گارڈن کا رخ کیا جس میں خصوصاً خواتین، سکولوں ، کالجوں اور یوننیورسٹیزکے طلباء و طالبات شامل ہیں۔