ٹی 10 لیگ اولمپکس گیمز میں کرکٹ کی شمولیت کیلئے بہترین فارمیٹ ہے، شاہد آفریدی

ہفتہ 1 دسمبر 2018 18:42

ٹی 10 لیگ اولمپکس گیمز میں کرکٹ کی شمولیت کیلئے بہترین فارمیٹ ہے، شاہد ..
شارجہ۔ یکم دسمبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 دسمبر2018ء) پاکستانی ٹیم کے سابق کپتان اور آل رائونڈر شاہد خان آفریدی نے کرکٹ کی اولمپکس گیمز میں شمولیت کے حوالے سے آواز بلند کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹی 10 لیگ تیز ترین فارمیٹ ہے اور میں سمجھتا ہوں کہ اس سے بہتر کوئی فارمیٹ نہیں جسے اولمپکس گیمز میں متعارف کرایا جا سکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے متحدہ عرب امارات میں جاری ٹی 10 لیگ کے دوسرے ایڈیشن کے دوران میڈیا سے بات چیت کے دوران کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ٹی 10 لیگ کی بڑھتی ہوئی مقبولیت حوصلہ افزا ہے، کھلاڑیوں کے ساتھ ساتھ شائقین بھی بہت محظوظ ہو رہے ہیں اسلئے میں سمجھتا ہوں کہ یہ اولمپکس گیمز کیلئے بہترین فارمیٹ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹی 10 لیگ بائولرز کیلئے بڑا امتحان ہے، بلے بازوں کو بھی خوب دل کھول کر صلاحیتوں کے جوہر دکھانے کا موقع ملتا ہے، میں نے خود اس فارمیٹ میں کئی بہترین اننگز، بہترین مہارت اور شاٹس دیکھے ہیں اور میں سمجھتا ہوں کہ اس فارمیٹ کی مقبولیت سے کرکٹ میں مزید تبدیلی آئے گی اور وقت کے ساتھ ساتھ ٹی 20 اور ون ڈے فارمیٹس میں مزید تیزی آئے گی۔ واضح رہے کہ آفریدی مسلسل دوسری مرتبہ لیگ میں حصہ لے رہے ہیں اور وہ پختونز ٹیم کی قیادت کر رہے ہیں۔