ایف بی آر نے متحدہ عرب امارات میں 4 ہزار 23جائیدادوں کا سراغ لگایا جو پاکستانیوں کی ملکیت ہیں، 987جائیدادوں کی شناخت اور مالکان کی معلومات حاصل کرلی گئی ہیں، رپورٹ

اتوار 2 دسمبر 2018 12:00

اسلام آباد ۔02 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 دسمبر2018ء) فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے متحدہ عرب امارات میں 4ہزار 23جائیدادوں کا سراغ لگایا ہے جو پاکستانیوں کی ملکیت ہیں لیکن انہوں نے ان جائیدادوں کو ظاہر نہیں کیا تھا۔ حکومت کے معاشی اصلاحات کے ایجنڈا کے تحت کئے گئے اقدامات سے ایف بی آر کی جانب سے چار ہزار سے زائد جائیدادوں کی تحقیقات کی گئی ہیں جن میں سے 3ہزار 36جائیدادوں کے مالکان کے بیرون ملک دیئے گئے ایڈریسز معلوم کرنے کیلئے کام جاری ہے۔

رپورٹ کے مطابق یو اے ای میں 987جائیدادوں کی شناخت اور مالکان کی معلومات حاصل کرلی گئی ہیں ۔ یہ جائیدادیں 667مالکان کی ہیں جن میں سے 46مالکان نے دعویٰ کیا ہے کہ وہ دوہری شہریت رکھتے ہیں اور بیرون ملک مقیم ہیں۔

(جاری ہے)

ایف بی آر کے مطابق 11جائیدادوں کے مالکان وفات پا چکے ہیں ۔ ایف بی آر نے 648جائیدادوں کے مالکان کو نوٹسز جاری کر دیئے ہیں جن میں سے 553نوٹس مالکان تک پہنچائے جا چکے ہیں اور 95جائیدادوں کے مالکان کو ابھی تک نوٹسز وصول نہیں کرائے جا سکے ۔

رپورٹ کے مطابق ایف بی آر کی جانب سے نوٹسز کے اجراء کے بعد 377جائیدادوں کے مالکوں نے متعلقہ حکام سے رابطہ کیا ہے اور 212افراد نے ٹیکس ایمنٹیسی سکیم کے تحت ان جائیدادوں کو ڈکلیئر کرنے کا دعویٰ کیا ہے ۔ ایف بی آر کے اقدامات سے 37افراد نے اپنی آمدنی کے گوشواروں میں اپنے اثاثہ جات ظاہر دیئے ہیں تاہم 128کیسز پر کام جاری ہے ۔