سعودی وزارت حج کی آن لائن ہوٹل بکنگ کیلئے عالمی سیاحتی کمپنی سے معاہدہ

بدھ 5 دسمبر 2018 12:04

ریاض ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 دسمبر2018ء) سعودی عرب کی وزارت حج و عمرہ نے معتمرین کی سہولت کیلئے آن لائن ہوٹل بکنگ کے لئے معروف کمپنی اجودا سے معاہدہ کر لیا۔ الریاض اخبار کے مطابق وزیر حج ڈاکٹر محمد صالح بنتن اور اجودا کمپنی کے نائب نگران ڈاکٹر امین فیرش نے معاہدے پر دستخط کئے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر وزیر حج ڈاکٹر بنتن کا کہنا تھا کہ سفر و سیاحت کے میدان میں عالمی شہرت یافتہ کمپنی کی خدمات حاصل کی گئی ہیں تاکہ سعودی عرب آنے والے معتمرین کو بہترین خدمات مہیا کی جاسکیں۔

وزیر حج نے مزید کہا کہ معتمرین کے لئے ہوٹلوں کی آن لائن بکنگ کی سہولت فراہم کرنے کا مقصد بہترین اور عالمی معیار کی خدمات فراہم کرنا ہے۔ آنے والے برسوں میں 30 لاکھ معتمرین کی آمد متوقع ہے جس کیلئے وزارت حج و عمرہ کی جانب سے جامع منصوبہ بندی کی گئی ہے۔ آن لائن بکنگ میں ان ہوٹلوں کو شامل کیا گیا ہے جو وزارت حج و عمرہ کی مقررہ شرائط کے مطابق خدمات فراہم کرتے ہیں۔