سعودی عرب:جعلسازی کے الزام میں 26 غیر مُلکی گرفتار

گرفتار افراد جعلی آٹو سپیئر پارٹس پر معروف برانڈ کے سٹیکر چپکا کر بیچتے تھے

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 10 دسمبر 2018 10:57

سعودی عرب:جعلسازی کے الزام میں 26 غیر مُلکی گرفتار
ریاض(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔10دسمبر2018ء) وزارت تجارت و سرمایہ کاری کی جانب سے ایک کارروائی کے دوران 23 غیر مُلکیوں کوگرفتار کر لیا گیا۔ مذکورہ گرفتار شُدگان ریاض کے نواحی علاقے میں واقع گودام میں جعلی سپیئر پارٹس پر معروف برانڈز کے سٹیکر لگا کر اُنہیں مہنگے داموں بیچ کر عوام کو نقصان پہنچانے اوردھوکا دہی کے مرتکب ہو رہے تھے۔ وزارت تجارت کے ایک ترجمان نے بتایا کہ کسی شہری نے مخبری کی تھی کہ ریاض کے نواحی علاقے میں واقع ایک گودام میں بہت سے غیر مُلکی مقیم ہیں جو چین سے گاڑیوں کے غیر معیاری سپیئر پارٹس منگواتے ہیں اور پھر اُن پر مشہور کمپنیوں کے سٹیکر چسپاں کر کے مارکیٹ میں فروخت کر رہے تھے۔

وزارت تجارت نے ایک تفتیشی ٹیم کو اس کام پر مقرر کر دیا کہ وہ خبر کے سچ یا جھوٹ ہونے کا پتا چلائے۔

(جاری ہے)

تفتیشی ٹیم نے رپورٹ دی کہ مخبر کی اطلاع سچی ہے۔ جس کے بعد پولیس کی مدد سے گودام پر چھاپہ مارا گیا تو 29 ہزار سے زائد جعلی اور ناقص آٹو سپیئر پارٹس برآمد ہوئے، جن میں آئل فلٹرز، ایئر فلٹرز اور دیگر پارٹس شامل تھے۔ ان پارٹس پر معروف کمپنیوں کے اسٹیکرز بھی چپکے ہوئے تھے۔

ترجمان کے مطابق اس گودا م میں کام کرنے والے غیر مُلکی غیر قانونی طور پر مملکت میں مقیم تھے ، اور یوں لیبر قوانین کی خلاف ورزی کے مرتکب بھی پائے گئے۔ گودام سے معروف کمپنیوں کے اسٹیکرز والے 382 کارٹن بھی برآمد کیے گئے۔ترجمان کا کہنا تھا کہ مملکت میں تجارتی جعلسازی کی روک تھام کے لیے وزارت تجارت کی تفتیشی اور چھاپہ مار ٹیمیں پُوری طرح سرگرم ہیں، عوام کی جیبوں کا نقصان کرنے والوں کے لیے مملکت میں کوئی جگہ نہیں ہے۔

متعلقہ عنوان :