ریاض: رواں عمرہ سیزن کے دوران پاکستانی معتمرین سرفہرست

مملکت کی جانب سے اب تک 17لاکھ 23 ہزار 749عمرہ ویزے جاری کیے گئے ہیں

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 10 دسمبر 2018 17:14

ریاض: رواں عمرہ سیزن کے دوران پاکستانی معتمرین سرفہرست
ریاض(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔یکم دسمبر2018ء) وزارت حج و عمرہ کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ رواں عمرہ سیزن کے آغاز سے لے کر اب تک 17لاکھ 23 ہزار 749فرزندانِ توحید کو عمرہ ویزے جاری کیے جا چکے ہیں جن میں سے تیرہ لاکھ اڑتالیس ہزار سے زائد افراد عمرے کی ادائیگی کی خاطر مملکت میں قدم رکھ چکے ہیں جن میں سے عمرہ ادا کر کے واپس جانے والوں کی تعداد 10لاکھ29ہزار951 ہے۔

باقی ماندہ 3لاکھ18ہزار210افراد عمرے کی غرض سے مملکت میں موجود ہیں۔جن میں سے 2لاکھ24ہزار95معتمرین مکہ مکرمہ اور 94ہزار115مدینہ منورہ میں ہیں۔ معتمرین میں پاکستانی سرفہرست ہیں ان کے بعد انڈونیشی دوسرے اور ہندوستانی تیسرے نمبر پر ہیں۔ رواں عمرہ سیزن میں اب تک 4 لاکھ سے زائد پاکستانی عمرہ کی سعادت حاصل کرنے کے لیے مملکت آ چکے ہیں، یا مملکت ادائیگی کے بعد واپس جا چکے ہیں۔

(جاری ہے)

وزارت حج کے مطابق رواں سال معتمرین کی تعداد گزشتہ سال کے مقابلے میں خاصی زیادہ ہے۔ زائرین نے اس موقع پر خادمین حرمین شریفین کی جانب سے زائرین کے لیے قیام و طعام اور سفری انتظامات کو بہت عمدہ قرار دیا۔ اس کے علاوہ حرمین ٹرین کے منصوبے کو مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کے مابین سفر آرام دہ بنانے کے لیے انقلابی اقدام ٹھہرایا ہے۔معتمرین کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔ وزارت کی جانب سے کسی پریشانی یا شکایت کی صورت میں حرمین میں قائم شدہ وزارت حج و عمرہ کے ذیلی دفاتر میں موجود اہلکاروں سے رابطہ کیا جا سکتا ہے، جہاں درجنوں زبانوں کے جاننے والے افراد زائرین کی پریشانی کا ازالہ کرنے کے لیے موجود ہیں۔

متعلقہ عنوان :