ْصوبائی وزراء مراد راس اور ڈاکٹر یاسمین راشدکا سکول ہیلتھ اینڈ نیوٹریشن پروگرام کا افتتاح

سکول ہیلتھ اینڈ نیوٹریشن پروگرام کا مقصد سکولوں میں کوالٹی ایجوکیشن کی فراہمی کے ساتھ بچوں کی صحت و متوازن نشو نما کو یقینی بنانا ہے، مراد راس محکمہ صحت و تعلیم مل کر نوجوان نسل کی بہتر صحت کے اقدامات کریں گے،صوبائی وزیر صحت یاسمین راشد

پیر 10 دسمبر 2018 22:04

ْصوبائی وزراء مراد راس اور ڈاکٹر یاسمین راشدکا سکول ہیلتھ اینڈ نیوٹریشن ..
لاہور۔10 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 دسمبر2018ء) صوبائی وزیر سکولز ایجوکیشن مراد راس اور وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے گورنمنٹ سنٹرل ماڈل سکول لوئر مال لاہور میں ’’سکول ہیلتھ اینڈ نیوٹریشن پروگرام‘‘ کا افتتاح کیا، صوبائی وزیر مراد راس نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ سکول ہیلتھ اینڈ نیوٹریشن پروگرام کا مقصد سکولوں میں کوالٹی ایجوکیشن کی فراہمی کے ساتھ ساتھ بچوں کی صحت اور متوازن نشو نما کو یقینی بنانا ہے، صوبائی وزیر نے کہاکہ اس مقصد کے حصول کیلئے پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ اور سیکنڈری ہیلتھ کیئر کمیشن کے تعاون سے انڈرائیڈ اپلیکیشن کے ذریعے ای مانیٹرنگ کا جامع نظام وضع کیا گیا ہے، وزیر سکولز ایجوکیشن مراد راس نے کہا کہ صوبے کے 1700منتخب سرکاری سکولوں میں صحت کی سہولتوں کی فراہمی کے پروگرام کا آغاز کیا جائیگا، انہوں نے بتا یا کہ پہلے مرحلے میں یہ پروگرام لاہور، بھکر، جھنگ، ڈی جی خان، راولپنڈی، رحیم یار خان، ملتان، میانوالی اور سرگودھا سمیت 9 اضلاع کے 20 سکولوں میں لانچ کیا جا رہا ہے، صوبائی وزیر نے کہا کہ سکول ہیلتھ اینڈ نیوٹریشن پروگرام کو بتدریج صوبہ بھر کے سکولوں میں متعارف کروایا جائیگا، انہوں نے کہا کہ سکول ہیلتھ اینڈ نیوٹریشن پروگرام کے ذریعے طالبعلموں کی غذائی ضروریات اور صحت سے متعلق دیگر مسائل کو سکولوں کی سطح پر مانیٹر کیا جا سکے گا، اس پروگرام کے ذریعے طالب علموں کو مختلف طبی ٹیسٹوں، آنکھ، کان اور گلے کے معائنے کی مفت سہولت فراہم کی جائیگی، صوبائی وزیر مراد راس نے کہا کہ سکولوں میں صحت و صفائی کی سہولیات کی فراہمی کیلئے سکول ہیلتھ اینڈ نیوٹریشن سپروائزرز کا کردار کلیدی اہمیت کا حامل ہے، اس پروگرام کے تحت ہیلتھ اینڈ نیوٹریشن سپروائزرز بچوں کی صحت کی نگرانی کریں گے، انہوں نے بتایا کہ صوبائی محکمہ سکولز ایجوکیشن اور محکمہ صحت کے اشتراکِ کارسے سکولوں میں زیر تعلیم بچوں کی صحت کا بھر پور خیال رکھا جا سکے گا، محکمہ سکولز ایجوکیشن اور محکمہ صحت کے اس انقلابی اقدام سے سکولوں میں تعلیم کے ساتھ ساتھ صحت کی سہولیات بھی میسر ہونگی، پنجاب حکومت سکولوں میں صحت کی سہولیات کی فراہمی کیلئے مسلسل کوشاں ہے، صوبائی وزیر سکولز ایجوکیشن مراد راس نے کہا کہ تعلیم کے ہنر سے آراستہ اور صحت مند و توانا بچے نئے پاکستان کی بنیاد ہیں، حفظان صحت کے اصولوں کو مد نظر رکھتے ہوئے سکولوں کی کینٹینز میں تازہ اور معیاری اشیائے خورونوش کی ارزاں نرخوںپر فراہمی کو یقینی بنائیں گے، انہوں نے کہا کہ طلباء و طالبات کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کیلئے گورنمنٹ سنٹرل ماڈل جونیئر اور سینئر سکولوں میں ایک، ایک جبکہ صوبہ پنجاب کے سرکاری سکولوں میں 100 واٹر فلٹریشن پلانٹس نصب کئے جا رہے ہیں، صوبائی وزیر نے کہا کہ لڑکیوں کے سکولوں میں گرلز فرینڈلی ٹوائلٹس بنائے جا رہے ہیں، صوبائی محکمہ سکولز ایجوکیشن نے کہا کہ ’’دی نیو ڈیل فار پنجاب‘‘کے عنوان سے آئندہ کی حکمت عملی کا اعلان کر دیاہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ پنجاب کے سرٴْکاری سکولوں میں 200سٹیٹ آف دی آرٹ سائنس لیبزاور100لائبریریز کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے، محکمہ سکولز ایجوکیشن سکولوں میں طالبعلموں کیلئے سپورٹس کی سرگرمیوں کے فروغ پر بھی خصوصی توجہ دے رہا ہے، انہوں نے کہا کہ 20منتخب اضلاع میں طلبہ کو سائیکلوں کی فراہمی کے پروگرام کو توسیع دی جائیگی، صوبائی وزیر نے مزید بتا یا کہ اساتذہ کی ٹرانسفر پالیسی پر بھی نظر ثانی کی جائیگی اورٹیچرز فرینڈلی ٹرانسفر پالیسی متعارف کروائیں گے، سکول ہیلتھ اینڈ نیوٹریشن پروگرام کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ سکولوں کے طلبا کو غذائیت کی اہمیت سے آگاہ کیا جائیگا اور سکولوں میں اس پروگرام کے تحت بچوں کے دانتوں، جلد کا بھی معائنہ ہوگا، صوبائی وزیر یاسمین راشد نے کہا کہ محکمہ صحت اور محکمہ تعلیم مل کر نوجوان نسل کی بہتر صحت کے اقدامات کریں گے، افتتاحی تقریب میں متعلقہ محکموں کے افسرا ن، طلباء و طالبات اور ذرائع ابلاغ کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔