مضبوط اقوام نامساعد حالات کے باوجود ترقی کے راستے نہیں چھوڑتیں بلکہ ترقی کا سفر جاری رکھتی ہیں،ڈی جی ادارہ ترقیات کراچی

ْ

منگل 11 دسمبر 2018 18:10

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 دسمبر2018ء) ڈائریکٹر جنرل ادارہ ترقیات کراچی سمیع الدین صدیقی نے کہا ہے کہ مضبوط اقوام نامساعد حالات کے باوجود ترقی کے راستے نہیں چھوڑتیں بلکہ ترقی کا سفر جاری رکھتی ہیں۔ مجھے یہ جان کر خوشی ہورہی ہے کہ کے ڈی اے اسکول اعلیٰ تعلیمی ادارہ بن کر ابھرا ہے جہاں نوجوانوں کو تعلیم کے جدید اور بہترین مواقع فراہم کئے جارہے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار ڈی جی کے ڈی اے نے اسکول انتظامیہ اور اساتذہ سے ملاقات کے دوران کیا۔ ڈی جی کے ڈی اے نے ادارہ ترقیات کے ماتحت تمام اسکولز پر نظام تعلیم اورانتظامی امور احسن طریقے سے چلانے اور تمام طلبہ و طالبات کو بنیادی سہولتیں فراہم کرنے کے احکامات جاری کئے جبکہ اسکولز کی حالت زار مزید بہتربنانے کے لئے کمیٹی تشکیل دی جو ایک ہفتے میں تمام اسکولز کا سروے کرکے سہولیات کی عدم موجودگی کی رپورٹ پیش کرے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ نارتھ ناظم آباد کے ڈی اے اسکول کی تزئین و آرائش جاری ہے، رواں ماہ مکمل کرلیا جائے گا، کے ڈی اے کے ماتحت تمام اسکولز میں پودے لگانے کا عمل شروع کردیا گیا ہے جس کے باعث اساتذہ و طلبہ کو صحتمندانہ ماحول میسر آئے گا۔ جدید خطوط سے آراستہ تعلیم وقت کی ضرورت ہے، تحقیق کے بڑھتے ہوئے رجحان نے اعلیٰ تعلیم کی افادیت کو مزید بڑھا دیا ہے۔

ملاقات کے دوران پرنسپل کے ڈی اے اسکول نے کہا کہ ادارے میں تحقیق پر مبنی تعلیم پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے، تاکہ طلبہ عصر حاضر کے مطابق عملی میدان میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرسکیں۔ ڈی جی کے ڈی اے نے اس بات پر زور دیا کہ طلبہ و طالبات کو تدریس کے ساتھ ساتھ ہر ممکن صحتمندانہ اور تفریحی سہولتیں فراہم کی جائیں، ہمیں مالی استعداد رکھنے والے طلبہ کی حوصلہ افزائی کرنا ہوگی۔

نوجوانوں، خواتین اور بچوں کو معیاری تعلیم پہنچانے کے لئے ہم سب کو آگے آنے کی ضرورت ہے خصوصاً اساتذہ کا کردار نہایت اہمیت کا حامل ہے۔ ڈی جی کے ڈی اے کے ہمراہ سیکریٹری کے ڈی اے فضیل بخاری، ڈائریکٹر فنانس عطاء عباس، چیف انجینئر رام چند، ترجمان ادارہ ترقیات اکرم ستار و دیگر افسران بھی موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :