فرانس اپنے بجٹ خسارے میں اضافے کے سبب یورپی یونین کے قوانین کی مختصر وقت کے لئے خلاف ورزی کرسکتا ہے

پیلی جیکٹ والے مظاہرین کے مطالبات منظور ہونے سے فرانس کے بجٹ خسارے میں اربوں یورو کا اضافہ ہوا یورپی یونین کے کمشنر برائے اقتصادی امور پیرے مسکووینی

بدھ 12 دسمبر 2018 17:24

پیرس ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 دسمبر2018ء) یورپی یونین کے کمشنر برائے اقتصادی امور پیرے مسکووینی نے کہا ہے کہ فرانس اپنے بجٹ خسارے میں اضافے کے باعث مختصر عرصے کے لئے یورپی یونین کے قوانین کی خلاف ورزی کرسکتا ہے۔پیلی جیکٹ والے مظاہرین کے مطالبات منظور ہونے سے فرانس کے بجٹ خسارے میں اربوں یورو کا اضافہ ہوا ہے۔یہ بات انہوں نے صحافیوں سے گفتگو کے دوران کہی۔

پیرے مسکووینی نے کہا کہ بلاک کے قوانین کے تحت کسی بھی ملک کے بجٹ خسارے کو اس کی زیادہ سے زیادہ سطح سے کچھ حد تک، عارضی اور خصوصی طور پر بڑھایا جاسکتا ہے۔تین فیصد بجٹ خسارے کی حد کو مسلسل 2 سال اور 3.5 فیصد بجٹ خسارے کی حد کسی ایک سال بھی عبور نہیں کرنی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ فرانس حکومت کی جانب سے یہ اقدامات ناگزیر تھے۔

(جاری ہے)

فرانس حکومت نے رواں اور آئندہ سال کا بجٹ خسارہ بالترتیب 2.6 اور 2.8 فیصد رکھنے کا پروگرام بنایا تھا۔

تاہم مظاہرین کے مطالبات تسلیم کرنے سے پیش آنے والے 11 ارب یورو کے اخراجات سے آئندہ سال (2019 ء میں) بجٹ خسارہ بڑھ کر 3 سے 3.5 فیصد تک جاسکتا ہے۔ یاد رہے کہ فرانس میں ٹیکسوں میں اضافے اور گرتے معیار زندگی کے باعث شہریوں کے کئی ہفتوں سے جاری پرتشدد مظاہروں کے باعث صدر ایمانویل میکرون نے ان کے مطالبات تسلیم کرنے کا اعلان کیا جس پر 11 ارب یورو لاگت آئے گی، اس رقم سے شہریوں کی شکایات کا ازالہ کرنے کی کوشش کی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :