ہاکی ٹیم کے ورلڈ کپ سے باہر ہونےکی بڑی وجہ کھلاڑیوں کا شادی شدہ ہونا ہے:اولمپیئن فیروز خان ، حنیف خان

شادی شدہ کھلاڑی کنواروں جیسی پھرتی نہیں دکھا سکتے : انٹر ویو

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 13 دسمبر 2018 14:10

ہاکی ٹیم کے ورلڈ کپ سے باہر ہونےکی بڑی وجہ کھلاڑیوں کا شادی شدہ ہونا ..
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔13دسمبر2018ء) سابق ہاکی اولمپیئن فیروز خان اور حنیف خان قومی ٹیم کے ورلڈ کپ سے باہر ہونے پر ”دور کی کوڑی“ لے آئے ،کہتے ہیں کہ ہاکی ٹیم کے اس ایونٹ سے باہر ہونےکی بڑی وجہ کھلاڑیوں کا شادی شدہ ہونا ہے ۔ ایک انٹر ویو کے دوران فیروز خا ن کا کہنا تھا کہ ورلڈ کپ میں ہماری ٹیم کی بدترین ناکامیوں کے ایک بڑی وجہ کھلاڑیوں کا شادی شدہ ہونا ہے، ہمارے کئی کھلاڑی شادی شدہ ہیں جو گراﺅنڈ پر وقت گزارنے کے بجائے اپنے اہل خانہ کے ساتھ مصروف رہتے ہیں ۔

اولمپیئن حنیف خان کا کہنا تھا کہ گھر میں شادی شدہ ہونا الگ چیز ہے اور گراﺅنڈ میں شادی شدہ ہونا الگ چیز ہے، آپ شادی شدہ کھلاڑیوں سے وہ پھرتی اور تیزی نہیں حاصل کرسکتے جو کنوارے کھلاڑیوں سے حاصل کرسکتے ہیں ، ہمارے زمانے میں تو کھلاڑی ریٹا ئر منٹ کے بعد شادی کرتے تھے ۔

(جاری ہے)

حنیف خان کا مزید کہنا تھا کہ یورپ نے اپنے کھلاڑیوں کو دیکھتے ہوئے ہاکی کے قوانین بدلے ہیں کیوں ہمار ملک گرم ہے اور ہمارے کھلاڑی زور لگا کر کھیلنے پر فوکس کرتے ہیں تاہم یورپ نے 15،15منٹ کے ہاف بنائے تاکہ ان کے کھلاڑیوں کو آرام مل سکے اور ہمارے کھلاڑی جسم گرم ہونے کے باوجود سو فیصد کارکردگی نہ دکھا سکیں ۔

اولمپیئن فیروز خان کا کہنا تھا کہ ہم ان کھلاڑیوں کو شدید گرمیوں میں گراﺅنڈ پر بلا کر ٹریننگ کرواتے تھے تاکہ ان کا فٹنس لیول عالمی سطح کے مقابلے پر آسکے ۔یاد رہے کہ منگل کو ہاکی ورلڈ کپ کے پری کوارٹر فائنل میں بلجیئم سے شکست کے بعد پاکستان ٹورنامنٹ سے باہر ہو گیا، بلجیئم نے پاکستان کو یکطرفہ مقابلے کے بعد-0 5سے ہرا کر کوارٹر فائنل کیلئے کوالیفائی کر لیا، پورے میچ میں بلجیم کی ٹیم گرین شرٹس پر حاوی رہی، پہلے ہاف کے 10ویں منٹس میں بلجیم کے کھلاڑی الیکسینڈر ہینڈرکس نے پنالٹی کارنر پر گول کر کے ٹیم کو برتری دلائی، تین منٹس بعد بلجیم کے کپتان تھامس برائلز نے شاندار فیلڈ گول کر کے ٹیم کی برتری دوگنی کر دی اور گرین شرٹس پر دباﺅ بڑھا دیا، 27وی منٹس میں بلجیم کے کیڈرک چارلر نے فیلڈ گول کر کے ٹیم کی برتری 0-3 گولز کر دی جو پہلے ہاف کے اختتام تک برقرار رہی، دوسرے ہاف کے 35ویں منٹس میں بلجیم کے سیبسٹین نے فیلڈ گول کر کے مقابلہ 0-4 گولز کر دیا، 53ویں منٹس میں بلجیم کے کھلاڑی ٹام برون نے پنالٹی سٹروک پر گول کر کے مقابلہ 0-5 گولز کر دیا جو میچ کے اختتام تک برقرار رہا، اس طرح بلجیم نے پاکستان کو 0-5 گولز سے ہرا کر کوارٹر فائنل کیلئے کوالیفائی کر لیا۔