ریستورانوں کا کھانا صحت کے لیے فاسٹ فوڈ سے زیادہ مضرہے،

ایک وقت کے کھانے میں زیادہ سے زیادہ 600 کیلوریزدرکار، ریستوران کے کھانے میں اوسطاً 1033، فاسٹ فوڈ میں 751 کیلوریز ہوتی ہیں، برطانوی ماہرین

جمعہ 14 دسمبر 2018 13:06

ریستورانوں کا کھانا صحت کے لیے فاسٹ فوڈ سے زیادہ مضرہے،
لندن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 دسمبر2018ء) برطانیہ میں ہونے والی ایک تحقیق میں کہاگیا ہے کہ ریستورانوں میں ملنے والے کھانے میں برگر اور چپس جیسے فاسٹ فوڈ سے زیادہ کیلوریز ہوتی ہیں اور یہ صحت کے لیے زیادہ نقصان دہ ثابت ہو سکتا ہے۔صحت کے ماہرین کا کہنا ہے کہ ایک وقت کے کھانے میں 600 کیلوریز سے زیادہ نہیں ہونی چاہییں۔ لیکن ایک تحقیق میں انہوں نے پایا کہ ریستوران میں ایک وقت کے کھانے میں اوسطاً 1033 اور فاسٹ فوڈ میں 751 کیلوریز موجود ہوتی ہیں۔

(جاری ہے)

یونیورسٹی آف لیورپول کے محققین نے 21 مختلف ریستورانٹ اور چھ فاسٹ فوڈ چینز کی 13,500 کھانے کی چیزوں پر تحقیق کی۔ان میں سے آدھے سے زیادہ پکوان ایسے تھے جن میں 1000 سے زیادہ کیلوریز پائی گئیں۔ دس میں سے ایک ہی ڈش میں 600 سے کم کیلوریز پائی گئیں۔اس تحقیق کے سربراہ ڈاکٹر ایرک رابنسن نے بتایا کہ تحقیق کے نتائج حیران کن نکلے۔تاہم اپنی تحقیق میں انہوں نے سٹارٹر، ڈرنک اور کھانے کے بعد میٹھے میں موجود کیلوریز کو شامل نہیں کیا ہے۔جب محققین نے ریستوران اور فاسٹ فوڈ چینر سے موصول کی جانے والی ایک ہی کھانے کی ڈش کا موازنہ کیا تو بھی یہی پایا کہ ریستوران کے کھانے میں زیادہ کیلوریز موجود تھیں۔تحقیق کے مطابق گھر میں پکا کھانا کیلوریز میں سب سے کم ہوتا ہے۔

متعلقہ عنوان :