موسیٰ خیل قبائل کے سردار سینیٹر سردار محمد اعظم خان انتقال کر گئے

سینیٹر سردار محمد اعظم خان کراچی کے آغا خان ہسپتال میں زیر علاج تھے ، نماز جنازہ ( آج) ایف سی گراؤنڈ موسیٰ خیل میں ادا کی جائے گی،خاندانی ذرائع قبائلی چیف سردار محمد اعظم خان اس وقت پشتونخواملی عوامی پارٹی کے سینٹ میں ڈپٹی پارلیمانی لیڈر بھی تھے، بلوچستان اسمبلی کے ممبر بھی رہ چکے ہیں

ہفتہ 15 دسمبر 2018 15:10

موسٰی خیل۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 دسمبر2018ء) موسیٰ خیل قبائل کے سردار سینیٹر سردار محمد اعظم خان موسیٰ خیل کراچی کے آغا خان ہسپتال میں انتقال کر گئے ۔خاندانی ذرائع کے مطابق سردار محمد اعظم خان کچھ عرصہ پہلے بیمار ہو ئے تھے جنہیں آغاخان ہسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں پر وہ دار فانی سے کوچ کر گئے۔ سینیٹر سردار محمد اعظم خان کا جسدِ خاکی کراچی سے کوئٹہ روانہ کیا گیا جہاں سے انکی رہائش گاہ قلعہ سردار باز خان غڑیاسہ پہنچایا جائیگا، نماز جنازہ آج بروز اتوار ایف سی گراؤنڈ موسیٰ خیل میں ادا کی جائے گی جبکہ تدفین آبائی قبرستان میں ہوگی،مرحوم کے آخری دیدار کیلئے پشتونخواملی عوامی پارٹی کے قائدین کارکنان اور دیگر سیاسی سماجی شخصیات کوئٹہ پہنچنا شروع ہو گئے ہیں ،کوئٹہ، کچلاک، خانوزئی ،مسلم باغ، قلعہ سیف اللہ ،لورالائی ،شبوزئی ،میختراور کنگری میں آخری دیدار کیا جائیگا۔

(جاری ہے)

سردار محمد اعظم خان پشتونخواملی عوامی پارٹی کے صوبائی سینئر نائب صدر اور مرکزی کونسل کے رکن بھی تھے،2002سی2008تک بلوچستان اسمبلی کے ممبر بھی رہے سردار محمد اعظم خان سردار محمد یعقوب خان کے صاحبزادے اور سردار باز خان موسیٰ خیل کے پوتے تھے اور اس وقت موسیٰ خیل قبائل کے سندی سردار تھے، سردار محمد اعظم خان کے فیصلے قبائلی فیصلوں اور جرگوں میں سپریم لاء تصور کئے جاتے تھے قبائلی چیف سردار محمد اعظم خان اس وقت رکن ایوان بالا بھی تھے اور پشتونخواملی عوامی پارٹی کے سینٹ میں ڈپٹی پارلیمانی لیڈر بھی تھے۔