بھوونیشور،بیجلئیم نے نیدر لینڈ کو ہرا کر ہاکی ورلڈ کپ2018 کا ٹائٹل پہلی بار اپنے نام کرلیا ،بیلجئیم میں جشن کا سماں

تیسری پوزیشن کیلئے کھیلے گئے میچ میں آسٹریلیانے انگلینڈ کو 8-1سے شکست دے ڈالی

اتوار 16 دسمبر 2018 21:30

بھوونیشور،بیجلئیم نے نیدر لینڈ کو ہرا کر ہاکی ورلڈ کپ2018 کا ٹائٹل پہلی ..
بھوونیشور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 دسمبر2018ء) بیلجیم ہاکی ورلڈ کپ2018 ء میں نیدر لینڈ کو دلچسپ مقابلے کے بعد پنالٹی شوٹ آئوٹ پر 2 کے مقابلے 3 گول سے شکست دے کر پہلی بار ہاکی کا عالمی چیمپئن بن گیا۔ تفصیلات کے مطابق بھارت کے شہر بھو نیشور میں اتوار کو بیلجیم اور نیدر لینڈ کے درمیان ہاکی ورلڈ کپ 2108کا فائنل کھیلا گیا ۔ کالنگا اسٹیڈیم میں ہونے والے فائنل میں بیلجیئم اور ہالینڈ کا مقابلہ مقررہ وقت پر بغیر کسی گول پر برابر رہا جس کے بعد دونوں ٹیموں کو پنالٹی شوٹ آئو ٹ دینے کا فیصلہ کیا گیا۔

بیلجیئم نے یہ مقابلہ 2-3 سے اپنے نام کر کے چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کرلیا جب کہ ایک اور میچ میں آسٹریلیا نے انگلینڈ کو ایک کے مقابلے میں8 گولز سے ہرا کر تیسری پوزیشن حاصل کی۔

(جاری ہے)

اس سے قبل بیلجیئم کی ٹیم نے سیمی فائنل میں انگلینڈ کو 0-6 سے شکست دے کر پہلی مرتبہ فائنل کے لیے کوالیفائی کیا جب کہ دوسرے سیمی فائنل میں نیدرلینڈز نے آسٹریلیا کو 3-4 سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی تھی ۔

فائنل میچ میں بیلجیئم اور ہالینڈ کے درمیان میچ اسوقت دلچسپ صورتحال اختیار کر گیا جب بیلجیئم کے کھلاڑی حتمی گول کرکے جشن فتح بھی منا چکے تھے تو ہالینڈ کے کھلاڑیوں کی اپیل پر ریویو میں گینڈ بیلجیئم کے کھلاڑی کے پاؤں سے صاف ٹکراتی ہوئی دیکھی گئی تو تھرڈ ایمپائر نے گول منسوخ کر دیا اس طرح چند لمحوں کیلئے بیلجیئم کی خوشیوں کے چراغ بجھ گئے لیکن سڈن ڈیتھ گول پر بیلجیئم نے دوبارہ گول داغ دیا اور ہالینڈ کا گول پول سے باہر چلا گیا اس بار ایمپائر نے کسی اپیل کے بغیر ہی ریویو لیا اور پھر بیلجیئم کی فتح کا اعلان کیا گیا، جونہی تھرڈ ایمپائر نے سڈن ڈیتھ کا گول کلیئر کیا تو سٹیڈیم رنگ برنگی روشنیوں اور آتش بازی سے روشن ہو گیا۔

در یں اثناء ورلڈ کپ ہاکی ٹورنامنٹ میں بیلجیئم کی فتح پر ملک بھر میں جشن کا سماں ہے ہاکی میں پہلی مرتبہ بیلجئم کی ٹیم نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے عالمی چیمپیئن کا اعزاز اپنے نام کیا ہے۔مقابلہ سخت ہونے کے بعد میچ کا فیصلہ مقررہ وقت کے بعد ہوا۔بیلجیئم کی ٹیم کے جیتنے کے ساتھ ہی برسلز ،لیج ،اور دوسرے بڑے شہروں میں لوگ گھروں سے باہر نکل آئے اوررات بھر ہاکی ورلڈ کپ جیتنے پر خوشی مناتے رہے۔دوسری جانب تیسری پوزیشن کیلئے کھیلے گئے میچ میں آسٹریلیانے انگلینڈ کو 8-1سے شکست دے ڈالی، ہاکی ورلڈ کپ کے ایونٹ میں مجموعی طور پر 16 ٹیموں نے شرکت کی تاہم بیلجیئم اور ہالینڈ کی ٹیمیں ٹائٹل مقابلے تک رسائی حاصل کرنے میں کامیاب رہیں۔

متعلقہ عنوان :