دُبئی کے معروف زبیل پارک میں داخلہ مفت کر دیا گیا

یہ سہولت دُبئی فریم دیکھنے کے لیے آنے والوں کو دی جا رہی ہے

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 17 دسمبر 2018 12:26

دُبئی کے معروف زبیل پارک میں داخلہ مفت کر دیا گیا
دُبئی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔17دسمبر2018ء ) دُبئی کے ایک معروف سیاحتی مقام زبیل کی جانب سے مفت انٹری کا اعلان کیا گیا ہے۔ اس حوالے سے دُبئی فریم کے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر جاری کردہ ایک پوسٹ میں کہا گیا ہے کہ دُبئی فریم کا وِزٹ کرنے والوں کو زبیل بارک میں مفت داخلے کی سہولت دی جائے گی۔ اس سے قبل پارک آنے والوں کو فی کس کے حساب سے 5 درہم ادا کرنا ہوتے تھے، صرف معذوروں اور دو سالہ سے کم بچوں کے لیے داخلہ مفت تھا۔

تاہم اب دُبئی فریم کا وِزٹ کرنے والے زبیل پارک کی سیر سے مفت میں لطف اندوز ہو سکیں گے۔ زبیل پارک کا شمار نہ صرف دُبئی کے بڑے پارکس میں ہوتا ہے بلکہ اپنے شاندار اور جدید جھولوں کے باعث یہ مشرق وسطیٰ بھر میں منفرد حیثیت رکھتا ہے۔ یہ وسیع و عریض پارک رقبے کے اعتبار سے فٹ بال کے45میدانوں کے برابر ہے۔

(جاری ہے)

جو شہر کے عین وسط میں واقع ہے۔ یہاں موجود امیوزمنٹ کمپلیکس اور ایجوٹینمنٹ سنٹر بچوں کے لیے بہت کشش رکھتا ہے۔

یہاں موجود دُبئی فریم ایسا مقام ہے جہاں سے سیاح دُبئی کے جدید اور قدیم مقامات کا حیرت انگیز نظارہ لے سکتے ہیں۔ دُبئی فریم میں داخلے کے لیے بالغ افراد کے لیے ٹکٹ فیس پچاس درہم ہے، 3 سے 12 سال کے بچوں کے لیے 20درہم ہے، جبکہ تین سال سے کم عمر بچوں، معمر حضرات اور معذوروں کے لیے داخلہ بالکل مفت ہے۔ دُبئی فریم آنے والوں کے لیے صبح نو بجے سے رات نو بجے تک کا وقت مخصوص کیا گیا ہے۔

اس پارک میں آلٹرنیٹو انرجی زون، کمیونیکیشن زون اور ٹیکنو زون کے علاوہ میوزک، باربی کیو، پکنک ایریاز، ریسٹورنٹس اور کشتی سواری کی سہولتیں بھی موجود ہیں۔ زبیل پارک کی سیر کے اوقات اتوار، سوموار، منگل اور بُدھ کو صبح 8بجے سے رات 10 بجے تک ہے جبکہ جمعرات جمعہ اور ہفتہ اور سرکاری تعطیلات کے موقع پر یہاں کے اوقاتِ کار صبح 8 بجے سے لے کر رات 11بجے تک ہوتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :