کھادوں کے متناسب و بروقت استعمال سے 300ارب روپے کافائدہ حاصل کیاجاسکتاہے ،محکمہ زراعت نے مختلف ٹی وی چینلز کو زرعی پروگرامز کی تیاری اور دیگر مواد کی فراہمی میںبھر پور تعاون کاآغاز کردیا

پیر 17 دسمبر 2018 15:15

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 دسمبر2018ء) زرعی اجناس کی بھر پور کاشت اور بمپر کراپ کے حصول کیلئے کھادوںکے متناسب و بروقت استعمال سے 300ارب روپے کافائدہ حاصل کیاجاسکتاہے تاہم اس ضمن میں کاشتکاروں کی زرعی آگاہی کی ضرورت ہے جس کیلئے محکمہ زراعت نے مختلف ٹی وی چینلز کو زرعی پروگرامز کی تیاری اور دیگر مواد کی فراہمی میںبھر پور تعاون کاآغاز کردیا ہے تاکہ کاشتکار ان پروگرامز ، اطلاعات ، معلومات ، رہنمائی سے استفادہ کرکے زرعی اجناس کی کاشت میں جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے اضافہ کرتے ہوئے ملک کے معاشی واقتصادی استحکام میں ممد و معاون ثابت ہو سکیں ۔

محکمہ زراعت کے شعبہ زرعی اطلاعات کے ذرائع نے بتایاکہ ان کا ادارہ پندرہ روزہ زراعت نامے اور ٹی وی پروگراموں کے ذریعے عام کسان کی دہلیز تک جدید ٹیکنالوجی منتقل کرنے میں بھرپور کاوشیں بروئے کار لا رہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ اس وقت پنجاب میں بیس ہزار افراد کیلئے صرف ایک توسیعی کارکن دستیاب ہے یہی وجہ ہے کہ تمام لوگوں تک رسائی کیلئے آئی سی ٹی کا استعمال شروع کیا جا رہا ہے۔

انہوںنے کہا کہ نجی شعبے میں زرعی اطلاعاتی نظام کیلئے کاوشوں کو سرکاری شعبے کی مدد سے زیادہ مربوط بنایا جا سکتا ہے جبکہ اس مقصد کیلئے سوشل میڈیا سب سے بڑا ہتھیار ثابت ہو گا۔انہوں نے کہا کہ جامعہ زرعیہ نے بھی پنجاب کے تمام اضلاع میں ہر فصل کیلئے پیش گوئی پر مبنی نظام وضع کیا ہے جس کے ذریعے کمپیوٹر پر بیٹھ کر کوئی بھی کسان اپنے کھیتوں سے زیادہ سے زیادہ پیداوار کیلئے سفارشات حاصل کر سکتا ہے۔