ڈاکٹرز اور طبی شعبے سے وابستہ دیگر افراد انسانیت کی خدمت کو اپنا اولین فرض سمجھتے ہوئے پوری دیانتداری اور لگن کے ساتھ کام کریں، ڈاکٹرسیف الرحمن

سوبھراج میٹرنٹی اسپتال قومی سطح کا طبی ادارہ ہے جسے اپ گریڈ کرنا ہے تاکہ یہاں آنے والوں کو زیادہ سے زیادہ سہولتیں فراہم کی جاسکیں،کمشنرز میٹروپولیٹن کراچی

پیر 24 دسمبر 2018 16:15

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 دسمبر2018ء) بلدیہ عظمیٰ کراچی کے میٹروپولیٹن کمشنر ڈاکٹر سید سیف الرحمن نے کہا ہے کہ ڈاکٹرز اور طبی شعبے سے وابستہ دیگر افراد انسانیت کی خدمت کو اپنا اولین فرض سمجھتے ہوئے پوری دیانتداری اور لگن کے ساتھ کام کریں اور اپنی صلاحیتوں کو بہتر سے بہتر انداز میں استعمال کریں، سوبھراج میٹرنٹی اسپتال قومی سطح کا طبی ادارہ ہے جسے ہمیں مزید آگے بڑھانا اور اسے اپ گریڈ کرنا ہے تاکہ یہاں آنے والوں کو زیادہ سے زیادہ سہولتیں فراہم کی جاسکیں، وہ لوگ خوش نصیب ہیں جنہیں اللہ تعالیٰ انسانیت کی خدمت کے لئے پیدا کرتا ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کی صبح بلدیہ عظمیٰ کراچی کے زیر انتظام سوبھراج میٹرنٹی اسپتال میں Fellow of the college of physicians and surgeons (FCPS)پارٹ II اور Member of the college of physicians and surgeons (MCPS) کے پوسٹ گریجویٹ ٹریننگ، ٹیسٹ اور انٹرویوز کے دوران خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر سینئر ڈائریکٹر میڈیکل اینڈ ہیلتھ سروسز ڈاکٹر بیربل، اسپتال کی میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر حوریہ، ڈاکٹر مہوش مٹھانی، ڈاکٹر سونیا اور دیگر بھی موجود تھے، اجلاس میں بتایا گیا کہ سوبھراج میٹرنٹی اسپتال میں ہر سال جون /جولائی اور دسمبر /جنوری میں پوسٹ گریجویٹ ٹریننگ، ٹیسٹ اور انٹرویوز منعقد کئے جاتے ہیں اس بار 29 امیدواروں نے درخواست دی جن میں سے 22 امیدوار وں کو منتخب کرلیا گیا ہے، میٹروپولیٹن کمشنر ڈاکٹر سید سیف الرحمن نے اس موقع پر کہا کہ اسپتال اور دیگر طبی ادارے انسانیت کی خدمت کا بڑا ذریعہ ہیں لہٰذا اس شعبے سے وابستہ افراد کو نا صرف یہ کہ اپنے شعبے سے متعلق مکمل معلومات ہونی چاہئیں بلکہ ان کے اندر انسانی ہمدردی کا جذبہ بھی ہونا چاہئے کیونکہ انسانی ہمدردی ہی وہ جذبہ ہے جو آپ کو دوسروں سے محبت کرنا اور ان کے کام آنا سکھاتا ہے، انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کے اسپتالوں کو دستیاب وسائل میں رہتے ہوئے ہر ممکن طریقے سے بہتر بنائیں، اپنے مریضوں کے ساتھ ڈاکٹرز کی ذرا سی ہمدردی بھی مریضوں میں امید کی کرن جگاتی ہے، ہم سب کے بہتر رویوں کے باعث معاشرے میں بھی اجتماعی طور پر مثبت اثرات پڑتے ہیں، ایک دوسرے کا خیال رکھنے اور ان کے مسائل حل کرنے سے اندرونی راحت محسوس ہوتی ہے، میٹروپولیٹن کمشنر کو بتایا گیا کہ سوبھراج میٹرنٹی اسپتال کی عمارت تاریخی ورثے کے طور پر بھی مشہور ہے جو 1928ء میں تعمیر کی گئی تھی، انہیں بتایا گیا کہ اسپتال میں تین آپریشن تھیٹرز ہیں جہاں روزانہ کی بنیاد پر او پی ڈی میں صبح 9 بجے سے دوپہر 2 بجے 7 سے زائد آپریشن کئے جاتے ہیں جبکہ شعبہ ایمرجنسی 24 گھنٹے فعال رہتا ہے، میٹروپولیٹن کمشنر کو بتایا گیا کہ او پی ڈی میں روزانہ 150 سے 200 مریضوں کا طبی معائنہ کیا جاتا ہے ، انہیں بتایا گیا کہ سوبھراج میٹرنٹی اسپتال ٹیچنگ اسپتال کے طور پر بھی عرصہ دراز سے کام کررہا ہے جبکہ یہاں مڈ وائفری کی تربیت بھی دی جاتی ہے ۔

متعلقہ عنوان :